وفاقی کابینہ کا اجلاس طلب، عمران خان کے بیانات کا جائزہ لیا جائیگا

وزیر اعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کا اجلاس طلب کر لیا ہے اجلاس میں ملک کی معاشی و سیاسی صورتحال سمیت چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے بیانات کا جائزہ بھی لیا جائیگا۔
ویب ڈیسک: تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کا اجلاس آج منگل کے روز صبح 11بجے طلب کرلیا ہے۔
کابینہ اجلاس میں سیلاب کی صورت حال اور ریلیف سرگرمیوں پر بریفنگ ہوگی اور ملک کی معاشی اور سیاسی صورت حال کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق کابینہ اجلاس میں عمران خان کے بیانات کا جائزہ لیا جائے گا۔
دوسری جانب وفاقی کابینہ کے اجلاس کا ایجنڈا جاری کردیا گیا جس کے مطابق این ڈی ایم اےکی طرف سےوفاقی کابینہ کوسیلاب کی صورتحال پربریفنگ دی جائیگی اور حکومتی کوٹے سے زیادہ حجاج کی بکنگ کی انکوائری کا معاملہ بھی پیش ہوگا۔
ایجنڈے میں الیکٹرک پنکھوں کی کم سے کم انرجی معیار پر بریفنگ، ای سی سی اورکابینہ کمیٹی قانون سازی کےفیصلوں کی توثیق بھی شامل ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز سابق وزیراعظم عمران خان نے فیصل آباد میں جلسے سے خطاب میں پاک فوج کی سینیئر قیادت سے متعلق بیان دیا تھا جس پر ملکی قیادت اور پاک فوج کی جانب سے شدید ردعمل کا اظہار کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں:  پشاور، فنڈز کی عدم دستیابی پر بلدیاتی نمائندوں کا احتجاج، مئیر آفس کو تالہ لگا دیا