2089733 cmmahmood 1572412944

رمضان میں خود ساختہ مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی کی کسی صورت برداشت نہیں-وزیر اعلی محمود خان

ویب ڈیسک:وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان کی زیر صدارت رمضان المبارک حوالے سے اجلاس، رمضان کے مہینے میں عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی کے لئے رمضان اسٹریٹجی کی منظوری، اشیائے ضروریہ کی بلاتعطل فراہمی کے سلسلے میں بین الصوبائی رابطوں کے لئے کمیٹی تشکیل، کمیٹی میں سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری خوراک اور آئی جی پی شامل۔

رمضان میں لوگوں کو نسبتا سستی نرخوں پر اشیائے خوردونوش کی فراہمی کے لئے صوبہ بھر میں 83 سستا بازار اور 52 کسان مارکیٹس قائم کئے جائیں گے، ہزارہ ریجن میں 17، ملاکنڈ میں 18، پشاور/مردان ریجن میں 15، ساوتھ ریجن میں 14 جبکہ ضم اضلاع میں 19 سستا بازار قائم کئے جائیں گے، ان سستا بازاروں میں آٹا، گھی، چاول، چینی، دالیں، سبزیاں، پھل اور دیگر اشیائے ضروریہ سستی نرخوں پر دستیاب ہونگی۔

آشیائے ضروریہ کی رعایتی نرخوں پر دستیابی کے لئے صوبے اور اضلاع کی سطح پر چیمبرز آف کامرس، ڈیلرز اور ہول سیلرز کے ساتھ اجلاس منعقد کئے جائیں گے، رمضان کے دوران صوبائی وزرا کی طرف سے مارکیٹوں اور سستا بازاروں کے دوروں کا شیڈول تیار۔

وزراء اپنے اپنے حلقوں اور اضلاع میں باقاعدگی سے مارکیٹس اور سستا بازاروں کا دورہ کرکے وزیر اعلی کو باقاعدہ رپورٹ پیش کریں گے، رمضان کے دوران ذخیرہ اندوزوں پر کڑی نظر رکھنے کے لئے پولیس کے اسپیشل برانچ کو خصوصی ذمہ داری دی جائے گی۔

مزید پڑھیں:  سپریم کورٹ کا فیصلہ :سیاسی جماعتوں کو ملنے والی مخصوص نشستیں خطرے میں

صوبائی حکومت کے رمضان پلان پر عملدرآمد کی نگرانی کے لئے محکمہ داخلہ میں کنٹرول روم کے قیام کا فیصلہ، رمضان اسٹریٹجی کے تحت سحری اور افطاری کے اوقات کے لئے سکیورٹی اور ٹریفک کا خصوصی پلان تشکیل دیے جائیں گے، سحری اور افطاری کے اوقات میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی کے لئے وفاقی حکومت اور پیسکو کے ساتھ کوآرڈینیشن کیا جائے گا، نماز تراویح کے دوران کورونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کے لئے صوبے، اضلاع اور تحصیل کے سطح پر علمائے کرام کے ساتھ اجلاس منعقد کئے جائیں گے۔

رمضان کے دوران عوامی شکایات اور معلومات کے لئے رمضان مرستیال کے نام سے موبائل ایپلیکیشن تیار، ایپلیکیشن کے ذریعے عوام اپنی شکایت براہ راست حکام بالا تک پہنچانے کے علاوہ سستا بازاروں میں آشیائے ضروریہ کی نرخوں کے بارے معلومات بھی حاصل کرسکیں گے، رمضان المبارک کے دوران تمام اضلاع میں معاشرے کے کمزور طبقوں کے لئے رمضان دسترخوان کا بھی اہتمام کیا جائے گا، وفاقی حکومت کے تعاون سے میل آن ویل پروگرام کا بھی اجراء کیا جائے گا، احساس پروگرام کے تحت مستحق لوگوں کو رقوم کی ادائیگی بھی رمضان پیکج میں شامل ہوگی، تمام ضلعی انتظامیہ قیمتوں کو کنٹرول کرنے اور کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کے لئے باقاعدگی سے معائنے کریں گے، رمضان پلان پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لئے ڈسٹرکٹ انفورسمنٹ ٹیموں کی تشکیل کے علاوہ کال سنٹرز بھی قائم کئے جائیں گے۔

مزید پڑھیں:  حوالہ ہنڈی کیخلاف ملک گیر کریک ڈاؤن،کروڑوں کی کرنسی برآمد

وزیر اعلی محمود خان نے کہا کہ تمام ضلعی انتظامیہ رمضان اسٹریٹجی پر من و عن عملدرآمد کو یقینی بنائیں، رمضان کے دوران لوگوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی کے لئے تمام معاملات کی خود مانیٹرنگ کروں گا، خود ساختہ مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی کی کسی صورت برداشت نہیں، ایسا کرنے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، 11 اپریل تک تمام اضلاع میں سستے بازاروں کا قیام کا عمل مکمل کیا جائے، سستے بازاروں میں تمام اشیائے ضروریہ کی دستیابی یقینی بنایا جائے، برائے نام سستے بازار قبول نہیں، تمام ڈپٹی کمشنرز اپنے اپنے اضلاع میں پناہ گاہوں اور لنگر خانون کو مکمل طور پر فعال بنائیں، یقینی بنایا جائے کہ رمضان کے دوران کوئی بھی سڑک پر نہ سوئے، کورونا کی صورتحال تشویشناک ہے انتظامیہ ایس او پیز پر عملدرآمد خصوصا ماسک کے استعمال کو یقینی بنائے، کورونا وبا اور گڈ گورننس اسٹریٹجی کے حوالے سے بیوروکریسی اور ضلعی انتظامیہ کا کردار قابل تعریف رہا ہے مزید بہتری کی ضرورت ہے۔