اسکولوں میں ڈبل شفٹ میں پڑھائی یکم ستمبر سے شروع ہوگی،شہرام ترکئی

ویب ڈیسک: صوبائی وزیر تعلیم شہرام خان ترکئی نے کہا ہے کہ پہلے مرحلے میں بدھ یکم ستمبر سے صوبے کے منتخب سرکاری ا سکولوں میں ڈبل شفٹ پروگرام شروع کیا جائیگا جس کیلئے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔

اس کے لئے نئے اساتذہ کو مارکیٹ اور موجودہ اساتذہ میں سے منتخب کیا جائیگا جس کا تمام تر اختیار ڈی ای اوز کی نگرانی میں پیرنٹس ٹیچرز کونسل کے پاس ہوگا ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ واقع موضع ترکئی میں علاقے کے لوگوں سے گفتگو کے دوران کیا۔

مزید پڑھیں:  کرن جوہر کے نئے پراجیکٹ میں کھرانا اور سارہ جلو گر ہونگے

اس موقع پر شہرام خان ترکئی کا کہنا تھا کہ اس انقلابی پالیسی سے ڈراپ آئوٹ شرح پر قابو پایا جاسکے گا اور طلبا و طالبات کو اپنے اپنے علاقوں میں ہائی لیول تک تعلیم کے مواقع میسر آئیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ ڈبل شفٹ کیلئے اساتذہ تعلیمی قابلیت اور تجربہ کی بنیاد پر لیے جائیں گے جس کیلئے مڈل ا سکول میں 4 اساتذہ اور ایک نائب قاصد جبکہ ہائی ا سکول کیلئے 7 اساتذہ ایک کلرک اور ایک نائب قاصد بھی بھرتی کیاجائیگا۔ شہرام خان ترکئی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ دونوں شفٹس کے درمیان مناسب وقفہ دیا جائے اور سردیوں اور گرمیوں کے مطابق اوقات کار کا خیال رکھا جائے۔

مزید پڑھیں:  یوسین بولٹ رواں سال ہونے والے ٹی 20 ورلڈکپ کے سفیر مقرر

شہرام خان ترکئی نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت ان علاقوں کو ترجیح دی گئی ہے جہاں پر ضرورت بہت زیادہ ہے اور ہائی لیول سٹڈی کیلئے اسکولز کی سہولت میسر نہیں۔