Circular Railway

وزیراعظم آج کراچی سرکلر ریلوے کا سنگِ بنیاد رکھیں گے

ویب ڈیسک (اسلام آباد)وزیراعظم عمران خان آج کراچی سرکلر ریلوے کا سنگِ بنیاد رکھیں گے، منصوبے پر ڈھائی سو ارب روپے لاگت آئے گی۔

گزشتہ ہفتے قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی (ایکنک) نے کراچی میں ٹرانسپورٹ مسائل کے حل کے لیے کراچی سرکلر ریلوے کے منصوبے کی منظوری دی ہے۔

کے سی آر ٹریک کی لمبائی تینتالیس کلومیٹر ہو گی اور تیس اسٹیشنز تعمیر کیے جائیں گے۔ منصوبہ اٹھارہ سے چوبیس ماہ میں مکمل ہو گا،سرکلر ریلوے دو ٹریکس پر چلے گی، ایک ٹریک سٹی اسٹیشن سے شہرکاچکرلگا کر کینٹ اسٹیشن، دوسرا سٹی اسٹیشن سے دھابیجی جائے گا۔

کراچی سرکلر ریلوے کے نئے ٹریک پر کوئی پھاٹک نہیں ہوگا، بائیس کراسنگ پوائنٹس کی تعمیر پر بیس ارب روپے سے زائد لاگت آئے گی۔

ہر چھ منٹ بعد ٹرین اسٹیشن پر آئے گی، یومیہ تین سے پانچ لاکھ مسافروں کے مستفید ہونے کا امکان ہے، الیکٹرک ٹرین زیادہ سے زیادہ ایک سو بیس کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے دوڑے گی۔

وزیراعظم نے کہا، کراچی کوسٹل ڈویلپمنٹ زون کی سی پیک میں شمولیت گیم چینجز ہے۔ منصوبہ سے ماہی گیروں کیلئے ساحل سمندر صاف ہو گا۔

کم آمدن والے بیس ہزار افراد کے گھر بنیں گے، سرمایہ کاری کے مواقع پیدا ہوں گے۔ کراچی دیگر ترقی یافتہ شہروں کی صف میں شامل ہو گا، وزیراعظم نے وزارت بحری امور کو شاباش دی۔

وزیر اعظم ایک روزہ دورے کے دوران پارٹی رہنما اور ارکان اسمبلی بھی ملاقاتیں کریں گے۔ وزیر اعظم کو سندھ میں پارٹی امور اور ترقیاتی کاموں پر بریفنگ دی جائے گی۔