صحت کارڈ مفت جگر ٹرانسپلانٹ سہولت

شراب نوش کو صحت کارڈ پر مفت جگر ٹرانسپلانٹ کی سہولت نہیں ملے گی

پشاور(نیوزرپورٹر)صحت سہولت پروگرام کے مفت علاج کے پیکج میں جگر کے ٹرانسپلانٹ کو شامل کرنے کیلئے لاہور اور اسلام آباد میں 2 ہسپتالوں کے ساتھ معاہدے کا فیصلہ کرتے ہوئے مریضوں کے علاج اور اخراجات سے متعلق شرائط جاری کر دی گئی ہیں، اس سلسلے میں مریضوں کی رجسٹریشن شروع کرنے کی منصوبہ بندی کردی گئی ہے،

شراب نوشی کے حوالے سے حکومت کا بڑا فیصلہ

ذرائع کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والے ہر سال تقریباً 120 افراد الشفاء اسلام آباد سے ٹرانسپلانٹ کراتے ہیں خیبرپختونخوا میں چونکہ جگر کے ٹرانسپلانٹ کا کوئی ہسپتال نہیں اس لئے پنجاب اور کراچی کے ساتھ ساتھ اسلام آباد کے ہسپتالوں میں صحت سہولت پروگرام سے بالکل مفت علاج کے معاہدے زیر غور ہیں، یکم جنوری سے شروع ہونے والے پیکیج کے تحت ایک مریض پر پچاس لاکھ روپے سے زائد کا خرچہ آئے گا جس میں37 لاکھ روپے سے زائد آپریشن اور باقی رقم آپریشن کے بعد کے تقریباً 6 ماہ کی دوائوں پر خرچ کی جائے گی،

مزید پڑھیں:  پاکستان نے بھارت کے بے بنیاد الزامات مسترد کردیئے

ذرائع کا کہنا ہے کہ جگر کے ٹرانسپلانٹ کیلئے مریضوں کو تشخیصی خرچہ خود برداشت کرنا پڑے گا. صرف آپریشن اور پوسٹ آپریشن کے بڑے اخراجات پیکج میں شامل ہوں گے تاہم صاحب استطاعت مریضوں کو پوسٹ آپریشن یعنی آپریشن کے بعد کی 6 ماہ کی مدت کی دوائیں نہیں دی جائیں گی.اور یہ دوائیں وہ خود خریدیں گے صرف مستحق افراد کو دوائیں بھی مفت دی جائیں گی،

اس مقصد کیلئے صحت سہولت پروگرام کے زیر انتظام ماہرین پر مشتمل ایک خصوصی کمیٹی قائم کی جائے گی. جس میں مریضوں کی مالی حیثیت سے متعلق مکمل چھان بین کی جائے گی، پروگرام منیجر ڈاکٹر ریاض خان تنولی کے مطابق پیکج کے تحت ہپاٹائٹس سی اور دیگر بیماریوں سے جگر کے متاثرہ مریضوں کا علاج ترجیحی بنیادوں پر کیا جائے گا، شراب نوشی اور دیگر نشوں کے ذریعے اپنے جگر کو نقصان پہنچانے والے افراد کو زیادہ ترجیح نہیں دی جائے گی، انہوں نے سالانہ 60 سے 70 افراد کے ٹرانسپلانٹ کی توقع کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک بھر میں پہلی مرتبہ سرکاری سطح پر جگر کے ٹرانسپلانٹ مفت کئے جائیں گے، مریض اور ڈونر یعنی جگر کا کچھ حصہ دینے والے دونوں افراد کے آپریشن سمیت مکمل علاج مفت ہوگا۔

مزید پڑھیں:  صوبائی حکومت کا لوڈشیڈنگ شیڈول کی خلاف ورزی پر سخت ایکشن کا عندیہ