عامر خان طلاق پر وضاحت

میری زندگی میں کوئی دوسری خاتون نہیں

مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان نے اپنی اور کرن راؤ کی طلاق پر وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ اُن کی اور کرن کی طلاق کسی اداکارہ کی وجہ سے نہیں ہوئی۔ گزشتہ برس کرن راؤ اور عامر خان کے درمیان طلاق ہوگئی تھی جس کے بعد یہ افواہیں سامنے آئی تھیں کہ اس طلاق کے پیچھے اداکارہ فاطمہ ثناء شیخ ہیں تاہم اب عامر خان نے ان افواہوں پر خاموشی توڑ دی ہے۔

عامر خان نے اپنے حالیہ انٹرویو میں کہا کہ میں اور کرن کی طلاق کچھ ذاتی مسائل کی وجہ ہوئی، یہ خبر جھوٹی ہے کہ یہ طلاق کسی اداکارہ کی وجہ سے ہوئی۔ کرن کے ہوتے ہوئے بھی میری زندگی میں کوئی دوسری خاتون نہیں تھی اور نہ ہی اب کوئی خاتون ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ کرن اور میں ایک فیملی ہیں اور ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہیں گے، ہم دونوں ساتھ کام کررہے تھے اور ابھی بھی کررہے ہیں، ہمارے رشتے کو ہمارے علاوہ کوئی نہیں سمجھ سکتا۔

مزید پڑھیں:  اداکار زوہاب خان نے ٹک ٹاکر وانیہ ندیم سے نکاح کرلیا

یہ بھی پڑھیے:سوناکشی سنہا نے سلمان خان سے شادی کے خبروں کی تردید کر دی

ذاتی زندگی میں کیا غلط ہوا اس کے بارے میں بات کرتے ہوئے، عامر خان نے کہا کہ میں اپنی ذمہ داریوں کو نبھا نہیں سکا، میں اپنے قریبی رشتوں جیسے والدین، بیویوں اور بچوں کو وقت نہیں دے سکا۔ میں نے 18 سال کی عُمر میں فلمی کیرئیر کا آغاز کیا اور اُس وقت مجھے اپنا نام بنانے کا جنون تھا جس کی وجہ سے والدین اور فیملی کے ساتھ معیاری وقت نہیں گُزار سکا۔ اداکار نے کہا کہ میں نے اپنا سارا وقت اپنے کام کو دیا ہے، میں نے سوچا تھا کہ میرا خاندان ویسے بھی میرے ساتھ ہے، میں اس وقت صرف مداحوں کے دل جیتنا چاہتا تھا، میں اپنے کام میں اس قدر کھوگیا تھا کہ میں یہ بھول گیا تھا کہ میری فیملی میرا انتظار کررہی ہے۔

مزید پڑھیں:  سوشل میڈیا پر پریٹی زنٹا کے شاہ رخ اور سلمان خان کے بارے میں انکشافات

اُنہوں نے اپنی بیٹی کے حوالے سے کہا کہ آج، آئرا خان 23 سال کی ہے لیکن جب وہ 4 سے 5 سال کی تھی تو میں اُس کے ساتھ نہیں تھا، میں فلموں میں مصروف تھا۔ ہر بچے کو اپنے والدین کی ضرورت ہوتی ہے کیونکہ جب آپ بچے ہوتے ہیں تو آپ کے اپنے خوف اور امیدیں ہوتی ہیں۔ جب بیٹی کو میری سب سے زیادہ ضرورت تھی تو میں اس کے ساتھ نہیں تھا اور میں جانتا ہوں کہ وہ لمحہ کبھی واپس نہیں آئے گا۔

واضح رہے کہ عامر خان 28 دسمبر 2005 میں کرن راؤ کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھے تھے، ان کے ہاں 2011 میں بیٹے آزاد راؤ خان کی پیدائش ہوئی تھی جبکہ ان سے گزشتہ برس طلاق ہوئی۔ اداکار نے پہلی شادی رینا دتہ سے کی تھی جن سے اُن کی ایک بیٹی آئرا خان اور بیٹا جنید خان ہیں جبکہ 2002 میں اُن کی طلاق ہوگئی تھی۔