80کلومیٹرفی گھنٹہ کی رفتارسے طوفان چلنے کی پیش گوئی

محکمہ موسمیات کی جانب سے خیبر پختونخوا کے26اضلاع بشمول پشاور میں24مئی تک 70سے80کلومیٹر فی گھنٹہ رفتار کے ساتھ گردوغبار اور طوفانی ہوائوں کے چلنے اورگرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کی پیش گوئی نے فصلوں اور عمارتوں کیلئے خطرے کی گھنٹیاں بجادی ہیں اس طوفان کے نتیجے میں جہاں4سے6سینٹی گریڈ تک گرمی کم ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے وہیں اس نقصان کو بچانے کیلئے صوبائی حکومت نے گذشتہ روز متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ کو الرٹ جاری کردیا ہے اس سلسلے میں صوبائی حکومت کی جانب سے پیشگی انتظامات کیلئے اضلاع کو بھیجے گئے.
مراسلہ کے مطابق ریجنل میٹ آفس کی طرف سے موسم کے حوالے سے جاری الرٹ میں ملاکنڈ، چترال، دیر ، سوات، شانگلہ، بونیر، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، پشاور مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، بٹ گرام، کوہستان، تور غر، مردان، کوہاٹ، ہنگو، کرک، بنوں ، کرم، خیبر، اورکزئی، باجوڑ اور مہمند میںآج سے24مئی تک35سے45کلومیٹر فی رفتار کے ساتھ طوفانی ہوائیں چلنے کا امکان ظاہر کیا گیاہے یہ طوفان بہت سے علاقوں میں بڑھتے بڑھتے70سے80کلومیٹر کی رفتار پکڑ لے گا جس کے نتیجے میں کمزور اور خستہ حال تعمیرات کو نقصان کا اندیشہ ہے جبکہ کھڑی فصلوں اور پھلوں کے باغات بھی اس طوفان اور تیز بارشوں کے باعث شدید متاثر ہونے کا احتمال ہے مراسلہ کے مطابق اس عرصے میں ہیٹ ویو کا زور ٹوٹ جائے گا اور درجہ حرارت میں4سے6سینٹی گریڈ تک کمی واقع ہوجائے گی لیکن بڑے پیمانے پر نقصان کا خدشہ ہے اس لئے اس صورتحال میں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو پیشگی انتظامات کے طور پر سڑکوں کی نگرانی اور ایمرجنسی صورتحال کیلئے ادویات اور دیگر آلات سمیت مشینری کی فراہمی کا ٹاسک دیاگیا ہے ان علاقوں میں مذکورہ6روز کیلئے خصوصی انتظامات کئے جائیں گے اور کسی بھی ناگہانی صورتحال میں تمام سرکاری محکمہ جات سے تعاون لیا جائے گا ۔

مزید پڑھیں:  اسلام آباد پر قبضے کی سوچ ترک کرنی ہوگی، خواجہ سعد رفیق