ق لیگ کے ووٹ مسترد، حمزہ شہباز وزیراعلیٰ پنجاب برقرار، حلف اٹھا لیا

ویب ڈیسک: پنجاب اسمبلی میں وزیر اعلیٰ پنجاب کے انتخاب میں ڈپٹی سپیکر کی رولنگ کے بعد حمزہ شہباز زیادہ ووٹ لے کر دوبارہ وزیر اعلیٰ پنجاب منتخب ہوگئے۔ پی ٹی آئی کے امیدوار چودھری پرویز الہٰی کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ حمزہ شہباز نے ہفتے کی صبح وزیراعلیٰ پنجاب کے عہدے کا حلف اٹھا لیا، گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز سے حلف لیا۔
وزیراعلٰی کے انتخاب کے لیے ہونے والی ووٹنگ کے مطابق چودھری پرویز الٰہی نے 186 ووٹ حاصل کیے ہیں جبکہ حمزہ شہباز کو 179 ووٹ ملے۔ تاہم ڈپٹی سپیکر دوست محمد مزاری نے چودھری شجاعت کے خط کو بنیاد بنا کر مسلم لیگ ق کے 10 ارکان کے ووٹ مسترد کر دیے جس کے بعد پرویز الٰہی کے ووٹوں کی تعداد 176 جبکہ حمزہ شہباز کے ووٹوں کی تعداد 179 ہوگئی۔ ق لیگ کے 10 ارکان کے ووٹ مسترد ہونے کے بعد حمزہ شہباز کو تین ووٹوں کی برتری سے کامیاب قرار دے دیا گیا۔
دوسری جانب تحریک انصاف نے اور مسلم لیگ ق نے ڈپٹی سپیکر کی رولنگ کے خلاف عدالت عظمیٰ سے رجوع کرلیا۔ پرویز الٰہی کی جانب سے ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی کی رولنگ کے خلاف سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں درخواست دائر کردی گئی ہے۔

مزید پڑھیں:  بچے فروخت کرنے کی ویڈیو پر کمشنر پشاور کانوٹس،بیروزگار نوجوان کو سرکاری نوکری دینے کا اعلان کردیا