پی ٹی آئی

پی ٹی آئی نے ایف آئی اے سے سائفر کی تحقیقات مسترد کردیں

پاکستان تحریک انصاف نے سائفر اور آڈیو لیکس کے معاملے پر ایف آئی کی تحقیقات کے حکومتی فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے سپریم کورٹ کا کمیشن بنانے کا مطالبہ کردیا۔
ویب ڈیسک: وفاقی کابینہ کی جانب سے عمران خان کی آڈیو لیکس کے خلاف قانونی کارروائی کی منظوری کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان کی حکومت ایک سازش کے تحت ہٹائی گئی۔
پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ سائفر کی تحقیقات پر حکومتی آمادگی درست سمت کی جانب ایک قدم ہے لیکن انصاف کا تقاضا ہے کہ تحقیقات ایف آئی اے کی بجائے سپریم کورٹ کا بنایا ہوا کمیشن کرے تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو سکے، اسی طرح کا کمیشن آڈیو لیکس کی تحقیقات کے لیے چاہیے۔
دوسری جانب فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فرخ حبیب کا کہنا تھا عمران خان کو گرفتار کرنا ان کی بہت بڑی بھول ہو گی، عمران خان کی آڈیو لیکس میں کوئی ایسی نئی بات نہیں، عمران خان نے صرف یہ خیال رکھا کہ کسی ملک سے تعلقات خراب نہ ہوں۔
فرخ حبیب کا کہنا تھا سائفر ایک حقیقت ہے جو ثابت ہو چکا ہے، ہمارا تو پہلے دن سے مطالبہ تھا کہ جوڈیشل کمیشن بننا چاہیے، ایف آئی اے کی تحقیقات کو مسترد کرتے ہیں، سپریم کورٹ کے جج کی سربراہی میں کمیشن کے ذریعے سائفر کی تحقیقات ہونی چاہئیں۔

مزید پڑھیں:  ایران سے سیلابی ریلہ پاکستان میں داخل، مکانات منہدم، 8 افراد جاں بحق