عمران خان کے خلاف فارن فنڈنگ کیس

عمران خان کے خلاف فارن فنڈنگ کیس میں مقدمہ درج

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان سمیت 11 افراد کے خلاف فارن فنڈنگ کیس میں مقدمہ درج کرلیا۔
ویب ڈیسک: تفصیلات کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے ” ایف آئی اے ” نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سمیت 11 افراد کے خلاف فارن فنڈنگ کیس میں مقدمہ درج کر لیا ہے، ایف آئی آر میں ابراج گروپ کے اکاؤنٹ سے 21لاکھ ڈالر کی رقم کی منتقلی کا ذکر ہے اور مقدمے میں سردار اظہر طارق، طارق شفیع اور یونس عامر کیانی بھی نامزد ہیں۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق ابراج گروپ نے تحریک انصاف کے اکاؤنٹ میں پیسے بھیجے، یہ پیسے ایک بینک کی جناح ایونیو برانچ میں بھیجے گئے، تحریک انصاف نے عارف نقوی کا بیان حلفی الیکشن کمیشن میں جمع کرایا تاہم عارف نقوی کا الیکشن کمیشن میں جمع کرایا گیا بیان حلفی جھوٹا اورجعلی ہے۔
متن کے مطابق تحریک انصاف کا نجی بینک میں اکاؤنٹ تھا جو نیا پاکستان کے نام پر بنایا گیا، نجی بینک کا منیجر بھی مقدمہ میں نامزد کیا گیا ہے، بینک منیجر نےغیر قانونی بینک اکاؤنٹ آپریٹ کرنے کی اجازت دی۔
مقدمہ ایف آئی اے بینکنگ سرکل تھانے میں درج کیا گیا اور مقدمہ ایف آئی اے کے کارپوریٹ بینکنگ سرکل نے درج کیا۔
ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ ملزمان نے فارن ایکسچینج ایکٹ کی خلاف ورزی کی۔
تحریک انصاف کے سیف اللہ نیازی بھی ایف آئی آر میں نامزد ہیں۔

مزید پڑھیں:  جعلی فارم 47 کی ہیروئن کے ڈرامے سپر ہٹ جا رہے ہیں، بیرسٹر سیف