سی آر بی کینال کی مرمت

سی آر بی کینال کی مرمت صوبائی فنڈزسے کرنے کا فیصلہ

ویب ڈیسک : وفاقی حکومت کی جانب سے تاخیر کے بعد صوبائی حکومت نے چشمہ رائٹ بینک کینال ڈی آئی خان کی مرمت اپنے فنڈز سے کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے اس سلسلے میں محکمہ آبپاشی کے ذریعے مزید25کروڑ روپے جاری کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے جس کیلئے گذشتہ روز محکمہ خزانہ نے سیکرٹری ایر ی گیشن کو مراسلہ ارسال کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق چشمہ رائٹ بینک کینال ڈی آئی خان کو حالیہ سیلاب کے دوران نقصان پہنچا ہے جس کی تعمیر و مرمت کیلئے واپڈا اور صوبائی حکومت نے مشترکہ طور پر سرمایہ کاری تجویز کی تھی اور دونوں پارٹیز نے پچاس، پچاس فیصد فنڈز پر اتفاق کیا تھا لیکن محکمہ واپڈا کی جانب سے تاحال اس منصوبہ کیلئے پیسے جاری نہیں کئے گئے ہیں جس کی وجہ سے ڈی آئی خان میں لاکھوں ایکڑ زمین کا پانی بند پڑا ہے اور زمینیں بنجر ہونے کے قریب پہنچ گئی ہیں.
اس تناظر میں صوبائی حکومت نے گذشتہ روز اس منصوبہ کیلئے مزید250ملین یعنی25کروڑ روپے جاری کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے اس حوالے سے محکمہ آبپاشی کو بھیجے گئے مراسلہ کے مطابق اس سے قبل بھی صوبائی حکومت نے اس مقصد کیلئے10کروڑ روپے جاری کئے ہیں صوبائی بجٹ سے فراہم کردہ فنڈز کی مالیت35کروڑ ہوگئی ہے۔

مزید پڑھیں:  غزہ میں جنگ بندی فوری اور انتہائی ضروری ہے، ملالا یوسف زئی