10لاکھ کی رقم افغانستان لیجانے کا عمل غیرقانونی قرار

ویب ڈیسک:پشاور ہائیکورٹ نے افغان شہری کی جانب سے10لاکھ روپے سے زائدکی رقم افغانستان لیجانے کے عمل کوغیرقانونی قرار دیتے ہوئے کسٹم ڈیپارٹمنٹ کی اپیل منظور کرلی ،جسٹس اشتیاق ابراہیم اور جسٹس عبدالشکورپرمشتمل بنچ نے اپیل پر سماعت شروع کی تو کسٹم ڈیپارٹمنٹ کے وکیل عباس خان سنگین نے عدالت کو بتایا کہ طورخم بارڈر پر ایف سی اہلکاروں نے یاسین افغانی کو روک کر تلاشی لینے پر اس سے 10لاکھ 50ہزار روپے برآمد کئے تھے جو وہ غیرقانونی طو رپر لے جارہا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ فارن ایکسجینج ریگولیشن ایکٹ 1947اوراسٹیٹ بنک کے 26فروری 1991کے اعلامیہ کے مطابق 3000روپے سے زائد رقم افغانستان نہیں لیجایاجاسکتا اور اس کیلئے اسٹیٹ بنک کی اجازت ضروری ہے تاہم افغان باشندہ نے اس کی خلاف ورزی کی ہے۔ کسٹم ایپلیٹ ٹربیونل نے یاسین افغانی کی اپیل منظور کرتے ہوئے اسے رقم واپس کرنے کا حکم دیاتھا جو پشاورہائیکورٹ میں چیلنج کی گئی اور ہائیکورٹ نے ٹربیونل کافیصلہ کالعدم قراردے دیا۔

مزید پڑھیں:  جمرود، لاپتہ 9 سالہ بچے کی نعش برآمد ، تحقیقات شروع