استعفے قبول نہیں سپیکر

دبائو میں دیئے گئے استعفے قبول نہیں کریں گے، سپیکرقومی اسمبلی

ویب ڈیسک : سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ وہ تحریک انصاف کے ارکان کے استعفے اس وقت تک منظور نہیں کریں گے جب تک یہ یقینی نہیں بنایا جاتا کہ انہوں نے کسی دبائو کے بغیر استعفے دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اتوار کو صحافیوں سے گفتگو میںسپیکر راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ استعفے منظور کرنے کے اپنے قواعد و ضوابط موجود ہیں۔ قانون کہتا ہے کہ اگر کوئی رکن دبا میں استعفیٰ دے تو اسے قبول نہ کیا جائے۔ سپیکر نے دعویٰ کیا کہ تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی استعفوں کے باوجود پارلیمنٹ لاجز میں قیام اور مراعات حاصل کر رہے ہیں۔ مجھے پیغام بھیجے جاتے ہیں کہ استعفے منظور نہ کئے جائیں۔ جب تک میں مطمئن نہیں ہوجاتا اس وقت تک کسی رکن کو ڈی سیٹ نہیں کرسکتا۔ سپیکر نے مزید کہا کہ انہوں نے ان ارکان کے استعفے منظور کئے ہیں
جنہوں نے ذرائع ابلاغ اور سوشل میڈیا پر اپنے استعفوں کی تصدیق کی اور اپنی مرضی سے نشستیں خالی کیں۔ دریں اثناء چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ اسمبلیوں میں بیٹھنے کا فیصلہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا اپنا ہے جبکہ میرا مشورہ ہے کہ عمران خان اسمبلی میں واپس آجائیں۔ کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صادق سنجرانی نے کہا کہ میں خود پارلیمنٹ کا کسٹوڈین ہوں، چاہتا ہوں لوگ پارلیمنٹ میں ہوں، نئے آرمی چیف کی تقرری خوش آئند ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ہمیں اداروں کا ساتھ دینا چاہیے، اسیمبلیاں ٹوٹیں گی یا نہیں اس پر کچھ نہیں کہہ سکتا، ملکی معاشی حالات کو دیکھتے ہوئے سب کو ملکر بیٹھنا چاہیے، اس میں ہمارا جو کردار ہوگا ہم ادا کریں گے۔

مزید پڑھیں:  فلسطین کے حق میں پاکسانی تعلیمی اداروں میں بھی کمپین چلائی جائیگی، حسن بلال ہاشمی