سالانہ 30ہزار ڈالر لے جانے کی حد

افغانستان کے سوا کسی بھی ملک سالانہ 30ہزار ڈالر لے جانے کی حد مقرر

ویب ڈیسک :حکومت نے پاکستان سے افغانستان کے سوا باقی تمام ممالک جانے والے 18سال سے بڑی عمر کے مسافروں کو سال میں 30 ہزار ڈالر جبکہ 18 سال سے کم عمر بچوں کو 15 ہزار ڈالر سالانہ تک اپنے ساتھ بیرون ملک لے جانے کی حد مقرر کردی۔ حکومت نے ڈالر کی قلت پر قابو پانے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کے تناظر میں یہ فیصلہ کیا ہے جس میں بقیہ ممالک کی حد زیادہ ہے تاہم افغانستان جانے والے مسافروں کے لیے یہ حد 6 ہزار ڈالر مقرر کردی گئی ہے
اس سے قبل زرمبادلہ بیرون لے جانے کے لیے سالانہ حد مقرر نہیں تھی۔ذرائع کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)نے بیگج رولز میں ترامیم کردی ہیں جس کے لیے بیگج رولز میں ترامیم کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ایف بی آر کی طرف سے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے ذریعے ان ترامیمی رولز کا اطلاق کردیا گیا ہے اس بارے میں ایف بی آر کے سینئر افسر سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ ترمیمی رولز کا بنیادی مقصد بیرون ملک جانے والے مسافروں کیلئے ایک سال کے اندر اپنے ساتھ لے جانے والے امریکی ڈالر کی حد مقرر کرنا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اسے ایف بی آر کے ترمیمی بیگج رولز میں واضح کیا گیا کہ اٹھارہ سال سے زائد عمر کے لوگ بیرون ملک سفر پر جاتے وقت اپنے ہمراہ پانچ ہزار ڈالر لے جاسکیں گے اور ایک سال کے دوران جتنی مرتبہ بھی بیرون ملک جائیں گے اپنے ہمراہ پانچ ہزار ڈالر لے جاسکیں گے مگر یہ رقم ایک سال میں تیس ہزار ڈالر تک کردی گئی ہے اس سے زیادہ ڈالر بیرون ملک نہیں لے جاسکیں گے۔
نوٹی فکیشن کے مطابق افغانستان کیلئے یہ حد چھ ہزار ڈالر مقرر کی گئی ہے پاکستان سے افغانستان جانے والے مسافر اپنے ہمراہ ہر وزٹ پر ایک ہزار ڈالر افغانستان لے جاسکیں گے مگر جتنی مرتبہ بھی وہ سال میں افغانستان جائیں اور آئیں لیکن پورے سال میں چھ ہزار ڈالر سے زیادہ اپنے ہمراہ افغانستان نہیں لے جاسکیں گے۔ترمیمی رولز میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ بیرون ممالک جانے والے مسافروں کیلئے مقرر کردہ مذکورہ حد کا اطلاق کیلنڈر ایئر 2023 سے ہوگا اور نئے رولز کے اطلاق تک رواں کیلنڈر ایئر میں بیرون ممالک جانے والے مسافروں کیلئے اپنے ساتھ امریکی ڈالر لے جانے کیلئے پہلے سے مقرر کردہ موجودہ حد کا ہی اطلاق ہوگا جو کہ 31 دسمبر 2022ء تک لاگو رہیں گے۔

مزید پڑھیں:  خیبرپختونخوا حکومت کا کسانوں سے 29ارب کی گندم خریدنے کا فیصلہ