امریکی فوج دفاعی بجٹ

امریکی فوج کے لیے 858ارب ڈالرکے ریکارڈ دفاعی بجٹ کی منظوری

ویب ڈیسک :امریکی سینیٹ نے ریکارڈ858ارب ڈالر کے دفاعی بجٹ کی منظوری دے دی ہے۔ اس میں کچھ رقم یوکرین اور تائیوان کیلئے بھی بطور امداد شامل ہے۔امریکی سینیٹ نے اگلے برس فوج پر خرچ کرنے کے لیے ریکارڈ 858 ارب ڈالر کی منظوری دے دی۔ یہ رقم صدر جو بائیڈن کے تجویز کردہ دفاعی بجٹ کی رقم سے 45 ارب ڈالر زیادہ ہے، جب کہ اس میں فوج کے لیے لازمی کووڈ ویکسین کے مینڈیٹ کو بھی ختم کر دیا گیا ہے۔اس کی توثیق کے لیے اسے صدر بائیڈن کے پاس بھیج دیا گیا ہے۔ سینیٹ کی آرمڈ سروسز کمیٹی میں شامل ریپبلیکن رکن جم انہوف کا کہنا تھا، "ہمیں دفاع پر ترجیح دینے کی ضرورت ہے، بس اتنا کہنا ہی کافی ہے۔
"امریکہ اس وقت نیٹو دفاعی اتحاد میں شامل دیگر 29 ممالک کی جانب سے دفاع پر کیے جانے والے مجموعی اخراجات کا دو گنا سے بھی زیادہ اپنے دفاع پر خرچ کر رہا ہے۔بجٹ کی رقم ہتھیاروں، جہازوں اور طیاروں نیز فوجیوں کی تنخواہوں میں 4.6 فیصد کے اضافہ پر خرچ کی جائے گی۔ اس میں لاک ہیڈ مارٹن کے ایف 35 جنگی طیاروں اور جنرل ڈائنامکس کے تیار کردہ جنگی جہازوں کی خریداری بھی شامل ہے۔چین کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی کے مدنظر تائیوان کو دفاعی امداد کے مد میں اربو ں ڈالر الاٹ کیے گئے ہیں تاکہ اس ایشیائی ملک کے لیے ہتھیاروں کے تیز رفتار حصول کو آسان بنایا جاسکے۔بجٹ میں یوکرین کے لیے اگلے برس 800 ملین ڈالر کی اضافی سکیورٹی امداد بھی شامل ہے۔
اس بل یا نیشنل ڈیفنس آتھرائزیشن ایکٹ کی حمایت میں 83 جبکہ مخالفت میں 11 ارکان نے ووٹ ڈالا۔ امریکہ کی دفاعی پالیسیوں کے لیے سالانہ بنیادوں پر دفاعی بجٹ کا پاس کیا جانا ضروری ہے۔

مزید پڑھیں:  چیئرمین پی اے سی نامزدگی،شیر افضل کا معاملہ عمران خان کے سامنے رکھنے کا اعلان