صوبہ میں بڑھتے جرائم پرآئی جی پولیس کی عدالت طلبی

ویب ڈیسک :پشاور ہائیکورٹ نے پشاورسمیت صوبہ میں جرائم کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پر آئی جی خیبرپختونخوا کو عدالت طلب کرکے استفسار کیا کہ آئی جی صاحب کیا بنوں میں سی ٹی ڈی کمپائونڈ آپریشن مکمل ہو گیا ہے ؟ آج کل خبریں کچھ اچھی نہیں آرہیں ۔ سٹریٹ کرائمز میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ ڈکیتی، رہزنی اور موبائل چوری کی وارداتیں بہت بڑھ گئی ہیں۔ ہم نہیں چاہتے کہ پشاور بھی کراچی جیسا بن جائے۔ عدالت نے آئی جی پولیس کو جرائم پر قابو پانے کے لئے عملی اور ٹھوس اقدامات اٹھانے کا حکم دیا۔
بدھ کے روز آئی جی خیبرپختونخوا معظم جا ء انصاری جنگلات کی غیرقانونی کٹائی اور معدنیات کے حوالہ سے کیس کے دوران عدالت میں پیش ہوئے تو چیف جسٹس نے ان سے استفسار کیا کہ آئی جی صاحب بنوں سی ٹی ڈی کمپائونڈ آپریشن مکمل ہو گیا ؟ جس پر انہوں نے عدالت کو بتایا کہ جی بنوں کمپائونڈ کلیئر ہوگیا ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ آج کل خبریں کچھ ٹھیک نہیں ہیں، سٹریٹ کرائمز میں اضافہ ہو تا جارہا ہے۔ کراچی بھی ہمارا شہر ہے لیکن نہیں چاہتے کہ پشاور میں سٹریٹ کرائمز بے قابو ہوجائیں۔
4یا5مہینوں سے سٹریٹ کرائمز، رہزنیوں اور ڈکیتی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ صوابی میں پولیس یونیفارم میں چور گھر میں داخل ہوئے اور ڈکیتی کی۔ یہ انتہائی سنجیدہ مسئلہ ہے۔ آئی جی صاحب آپ اس کو دیکھیں، ان واقعات پر قابو پانے کی ضرورت ہے۔ عدالت نے آئی جی پولیس کو سٹریٹ کرائمز پر قابو پانے کیلئے موثر اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔

مزید پڑھیں:  غزہ کے انتظام کا فیصلہ حماس کی مرضی سے ہوگا، اسماعیل ہنیہ