الیکشن وقت پر ہونے چاہئیں

الیکشن وقت پر ہونے چاہئیں،عمران خان اسمبلی واپس آئیں، چوہدری شجاعت

مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت کا کہنا ہے کہ عمران خان کو واپس اسمبلی آنا چاہیے اور الیکشن وقت پر ہونے چاہئیں۔
ویب ڈیسک: چوہدری شجاعت نے پاکستانی نژادامریکی کاروباری شخصیت نوید انور چوہدری کے اعزاز میں ظہرانہ دیا جس میں وفاقی وزیرطارق بشیر چیمہ، سینیٹر مشاہد حسین، چوہدری شافع حسین و دیگر سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔
سینیئر صحافیوں سے گفتگو میں چوہدری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ ملک میں سیاسی و معاشی استحکام ناگزیر ہے، آئندہ عام انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہونے چاہیئیں، ہم سب پاکستان کے لیے کام کریں گے تو بچ جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اگر ہم اکٹھے نہ ہوئے تو سب کی تباہی ہوگی اور ہم سمجھ جائیں گے تو آئی ایم ایف پیسے دے گا، اگر ہم نے سیاست کو نہ سنبھالا تو ایک پیسہ نہیں آئے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ میں نے اپنی پارٹی کو کہا ہے پاکستان کی بات کریں، نہ فوج نے آنا ہے نہ کسی اور نے آنا ہے، یہ وقت گزر گیا تو سب افسوس کریں گے، بہت سی طاقتیں پاکستان کو تباہ کرنا چاہتی ہیں۔
چوہدری شجاعت کا کہنا تھا کہ پاکستان کو تباہ کرنے کی خواہشمند طاقتیں خطے میں بھارت کی بالادستی چاہتی ہیں.
عمران خان سے متعلق ق لیگ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ عمران خان سمیت سب کو اسمبلی میں واپس آنا چاہیے اور الیکشن وقت پر ہونے چاہئیں.
انہوں نے مزید کہا کہ عوام نے انہیں منتخب کر کے بھیجا ہے، عوام دیکھ رہے ہیں کہ ہمارے نمائندے کیا کررہے ہیں۔

مزید پڑھیں:  اسرائیلی فوج کے شمالی غزہ میں دوبارہ حملے، 79 فلسطینی شہید