مشرقیات

ہمارے ساتھ کون نہیں کھیلا؟صرف ایک آدھ نہیں پوری ایک لاٹ گنوائی جاسکتی ہے جو پلے بوائے رہی ہے۔ایسے میں کپتان کا اعتراف کوئی بڑا انکشاف ہے ہی نہیں خاص جب ہم میں سے اکثر ساٹھے پاٹھوں کو اچھی طرح ان کا ماضی معلوم ہے۔ آج کل جس ”حال”کے وجد میں وہ بول رہے ہیں اس بارے میں ہم کچھ البتہ کہہ نہیں سکتے رہا ان کا مستقبل تو کہنے والوں کے بقول جس الیکشن کا مطالبہ کرتے آرہے ہیں گزشتہ ایک سال سے اور اب بھی کر رہے ہیں وہ انہیں دیا نہیں گیا اور جب دیا بھی جائے گا تو زیادہ تر امکان یہ ہے کہ وہ انتخابات کا حصہ ہی نہ ہوں،بالکل اپنے میاں نوازشریف کی طرح البتہ ہم یہ پیشگوئی نہیں کرسکتے کہ میاں صاحب کی طرح وہ بھی پہلے جیل اور پھر بیرون ملک اڑان بھرنے میں کامیاب ہو جائیں گے یا نہیں۔بات ہو رہی تھی پلے بوائز کی اور ہم کپتان کا زائچہ کھول بیٹھے۔واپس پلٹتے ہیں۔سنا اور پڑھا ہے کہ جب ہمارے ساتھ کھیل یا کھلواڑ کا آغاز ہوا تو اپنے ہاں کے خوانین ،چاگیرداروں،سرداروں اور وڈیروں نے سب سے پہلے بانی پاکستان سے گلوخلاصی کے لیے سوچ پچار شروع کر دی تھی۔ایبمبولینس خراب نہ ہوتی تب بھی یار لوگوں میںمزید صبر کی تاب نہیںتھی اور بانی پاکستان کی قانون پسندی کی بجائے من مرضی کا ماحول پیدا کرنے کی خواہش بڑی منہ زور تھی۔قدرت نے قائد کو اٹھالیا تو پھر اصل کھیل شروع ہوا صرف سات آٹھ سال کے عرصے میں ہم نے نصف درجن تجربے کر ڈالے اور اس کے بعد ایک طویل آمرانہ اننگز کا تجربہ پاکستان میں شروع کردیاگیا جس نے بعدمیں آنے والے آمروں کو بھی جواز نہیں بخشا بلکہ ہمارے ہاں کی سیاسی جماعتوں کی بھی آمرانہ نہج پر تربیت وتعلیم ہو گئی جس کے بعد ہما شما صرف فٹ بال بن کر رہ گئے۔پلے بوائز نے ہمارے ساتھ جو کھلواڑ کیا ہے اسی کا نتیجہ ہے کہ ہم کاسہ گدائی لیے اب در در کی ٹھوکروں میں ہیں آپ کہہ سکتے ہیں کہ اپنے ہاں کے پلے بوائز نے جو حشر ہمارا کیا ہے اسے دیکھ کر دنیا نے بھی ہم کو کھیل ہی کھیل میں رگیدنا اپنا فرض سمجھ لیا ہے۔کبھی سات سمندر پار بیٹھے انکل سام پلے بوائے بن کر ہمیں تختہ مشق بنا لیتے ہیں توکبھی عرب وعجم کی جنگ میں ہم ایندھن کے طور پر کام آتے رہے ہیں۔تو جناب کوئی ایک پلے بوائے تو ہے نہیں جس نے ہمارا یہ حال کیا ہے یہاں پلے بوائز کی بہتات ہے اور ہنوز ہم ان کی ٹھوکروں میں ہیں۔جو اپنے پلے بوائے ہونے کا اعتراف کر رہے ہیں ان کی بات اب چھوڑیں جن کے سامنے اعتراف کیا جارہاہے وہ بتائیں کہ انہوں نے ہمارے ساتھ یہ کھلواڑ کیوں کیا کہ ستر سالوں بعد بھی ہم کسی کو منہ دکھانے کے قابل نہیں۔قومی تاریخ میں ایساکوئی کارنامہ کسی دوسری قوم کا ہو تو بتائیں؟

مزید پڑھیں:  صوبے کے مفادات کا کسی کو خیال بھی ہے