جنوبی وزیرستان میں 11دہشتگردمارے گئے،لکی مروت میں پولیس پر حملہ،سپاہی شہید،ایس ایچ او زخمی

ویب ڈیسک : جنوبی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں کالعدم تنظیم کے کمانڈر تور حافظ سمیت 11 دہشت گرد مارے گئے ۔ جمعرات کے روز اس سلسلے میں آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق سکیورٹی فورسزنے جنوبی وزیر ستان کے ضلع وانا کے علاقہ میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر آپریشن کیا ہے اور دہشتگردی کی کارروائی کو کامیابی سے ناکام بنا دیا ۔ کارروائی کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلہ میں دہشتگرد کمانڈر حفیظ اللہ عرف تورحافظ ،2 خود کش بمبار اوردیگر8 دہشتگرد بھی مارے گئے ۔
فورسز نے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ مارے گئے دہشت گرد ضلع جنوبی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کیخلاف دہشتگرد کارروائیوں اور پولیس کی ٹارگٹ کلنگ میں سرگرم تھے۔ادھر لکی مروت سے نمائندے کے مطابق ٹرائبل سب ڈویژن بیٹنی تھانہ شادی خیل کی حدود میں موٹر سائیکل پر نا معلوم افراد نے فائرنگ کردی ۔ فائرنگ سے تھانہ شادی خیل کے ایڈیشنل ایس ایچ او حبیب اللہ زخمی اور سپاہی سمیع اللہ شادی خیل جان بحق ہوگیا۔ مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ ایڈیشنل ایس ایچ او اور سپاہی دونوں تھانہ ورگاڑہ پر دہشت گردوں کی طرف سے حملے کے بعد سادہ کپڑوں میں اسحلہ سمیت جائے وقوعہ کی طرف جارہے تھے کہ کسی نے راستے میں ہی ان پر فائرنگ کردی جس سے سپاہی سمیع اللہ موقع پر جان بحق جبکہ ایڈیشنل ایس ایچ او حبیب اللہ زخمی ہوگئے ۔
آخری اطلاعات تک پولیس مصروف تفتیش تھی اور ابھی تک سرکاری ذرائع سے واقعے کی تصدیق نہیں ہوسکی۔تھانہ ورگاڑہ پر شدت پسندوں نے جمعرات کی شام بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیاتھا تاہم پولیس نے بہادری کا مظاہرہ کرکے شدت پسندوں کا حملہ پسپا کر دیا ۔ ادھر ڈیرہ اسماعیل خان میں کوہ سلیمان کے دامن میں واقع گائوں چودھوان میں دہشت گرووں کے ایک منظم گر وہ نے پولیو ڈیوٹی سٹاف کی سکیورٹی پر مامورپولیس اہلکاروں پر حملہ کر کے چار اہلکاروں کو زخمی کردیا۔ پولیس کے جوان پولیو سٹاف کی سیکورٹی پر موجود تھے کہ اچانک دہشت گردوں نے ان پر فائرنگ شروع کردی جس سے چارپولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں امداد اللہ، سلیمان، ارشد اور عنایت اللہ شامل ہیں۔ پولیس جوانوں نئے زخمی ہونے کے باوجود دہشتگردوں کے خلاف جوابی کاروائی کی اور انہیں بھاگنے پر مجبورکر دیا ۔

مزید پڑھیں:  غزہ میں مزید 39 فلسطینی اسرائیلی بربریت کی بھینٹ چڑھ گئے