متھرا، مطلقہ بیوی کو قتل کرنے والا ملزم گرفتار

ویب ڈیسک :تھانہ متھرا پولیس نے تین روز قبل اپنی مطلقہ بیوی کو قتل کرنے والے ملز م کو بھائی سمیت گرفتار کر لیا۔ مقتولہ نے دوسری شادی کرلی تھی اور ملزم اس سے دوبارہ شادی کا خواہشمند تھا۔ تین روز قبل متھرا پولیس کو خاتون کی نعش ملی تھی جسے پھانسی دیکر قتل کیا گیا تھا۔ بعد ازاں مقتولہ کی شناخت مسماة ( ز) کے نام سے ہوئی تھی۔
اس دوران مقتولہ کے شوہر راج ولی نے پولیس کو بتایا کہ مقتولہ اس کی بیوی ہے جسے پانچ ماہ قبل اس کے شوہر حیات اللہ سکنہ ناصر باغ نے طلاق دی تھی جس کے بعد اس نے مقتولہ سے شادی کی ۔ حیات اللہ سے مسماة( ز) کے دو بیٹے اور چار بیٹیاں تھیں جو اس کے سابق شوہر کے پاس ہی ہیں۔ دو روز قبل وہ اپنے بچوں سے ملنے گئی جہاں اس کے سابق شوہر حیا ت اللہ نے اپنے بھائی ناہید کی مدد سے اسے پھانسی دیکر قتل کیا اور نعش کھیتوں میں پھینک دی ۔ پولیس نے دونوں ملزموں کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم حیات اللہ نے پانچ ماہ قبل مقتولہ کو طلاق دی تھی۔ جب مسماة ( ز) نے طلاق کے بعد راج ولی سے شادی کرلی تو حیا ت اللہ اس سے دوبارہ شادی کرنے کے لئے اسے راج ولی سے طلاق دلوانا چاہتا تھا جبکہ مقتولہ ایسا کرنے سے انکاری تھی جس پر ملزم نے اسے قتل کردیا۔ پولیس کا کہناہے کہ ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران اپنے جرم کا اعتراف کیا ہے۔

مزید پڑھیں:  پی ٹی آئی اور صوبائی حکومت کرغزستان میں پاکستانی طلباء کیساتھ کھڑی ہے