آٹا ڈیلر گرفتار

ذخیرہ اندوزوں کے خلاف صوبہ بھرمیں کریک ڈائون،کئی آٹا ڈیلر گرفتار،قیمتوں میں کمی

ویب ڈیسک : پشاور سمیت صوبہ بھر میں ذخیرہ اندوزوں کی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگیا مارکیٹ میں عدم استحکام پیدا کرنے کیلئے آٹے کی ذخیرہ اندوزی شروع کردی گئی ہے جبکہ سرکاری آٹا بھی مارکیٹ سے غائب کر دیا جاتا ہے جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات سے گزرنا پڑ رہا ہے پشاور کی ضلعی انتظامیہ کے مطابق سرکاری آٹے کی ذخیرہ اندوزی اور خورد برد کی شکایات ملنے پر کارروائیاں کی گئی ہیں انتظامی افسران نے ضلع بھر میں فلور ملوں اور آٹا ڈیلرز کی دکانوں کا معائنہ کیاجس میں فلور ملوں میں سرکاری آٹے کا ریکارڈ، سٹاک رجسٹر گیٹ پاسز اور سی سی ٹی وی کیمروں کا معائنہ کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر سیدہ زینب نقوی کا پلوسی ،راحت آبا د،دانش آباد ،سفید ڈھیری اور پائوکہ میںفلور ملوں اور آٹا ڈیلرز کی دکانوں کا معائنہ سرکاری آٹے کے ریکارڈ میں خرد برد کرنے پر بیشتر کو گرفتار کر لیاگیا
انتظامی افسران نے پشاور کے مختلف علاقوں میں 158 آٹا ڈیلروں کی دکانوں کا بھی معائنہ کیا اور وہاں عوام کو فراہم کردہ سرکاری آٹے کا ریکارڈ اور شناختی کارڈ چیک کیے۔ سرکاری آٹے کے ریکارڈ میں خردبرد کرنے اور ریکارڈ صحیح حالت میں موجود نہ ہونے پر 8 ڈیلروں کو گرفتار کرتے ہوئے دکانوں کو سیل کر دیا گیا جبکہ ریکارڈ درست حالت میں نہ رکھنے والی فلور ملوں کو نوٹس جاری کیے گئے ۔دوسری طرف محکمہ خوراک نے دعویٰ کیا ہے کہ آٹے کا20 کلوکاتھیلا 2400 روپے تک آ چکا ہے
جبکہ کارروائیوں کے دوران 13آٹا ڈیلرز کے کوٹے اور لائسنس منسوخ کر دیئے گئے۔ آٹا ڈیلرز کے گوداموں کی نگرانی کیلئے خصوصی ٹیمیں بھی تشکیل دی گئی ہیں۔واضح رہے کہ پشاور ہائیکورٹ نے متعلقہ حکام کو آٹے کی قیمتیں کنٹرول کرنے اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائیوں کا حکم دے رکھا ہے۔ راشن کنٹرولر جمشید خان آفریدی کے مطابق عدالتی احکامات پر اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولرز کمال، نعمان اور نور محمد نے پشاور کے مختلف آٹا ڈیلرز پر چھاپے مار کر ریکارڈ چیک کئے اور ریکارڈ نہ ہونے پر 13 ڈیلرز کے کوٹے اور لائسنس منسوخ کئے گئے۔
اسی طرح کوہاٹ روڈ پر 2 آٹا ڈیلرز کے کوٹے اور لائسنس منسوخ کئے گئے۔انہوں نے بتایا کہ ہائیکورٹ کے نوٹس کے بعد آٹے کی قیمت نیچے آنے لگی ہیں اور یہ 2400 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔ پشاور میں رات کے وقت چھاپوں کیلئے خصوصی ٹیمیں مقرر کی گئی ہیں جو آٹا ڈیلرز کے گوداموں کی نگرانی اور فوری کارروائی کریں گی۔ اس کے علاوہ فلور ملوں، آٹا ڈیلروں اور گوداموں کا معائنہ کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

مزید پڑھیں:  خیبرپختونخوا اسمبلی اجلاس، کوہاٹ اور باجوڑ کے امیدوار حلف اٹھائیں گے