واپڈا نجکاری بھرتیوں پر پابندی

واپڈا نجکاری اور بھرتیوں پر پابندی کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

ویب ڈیسک :آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین کے مرکزی قائدین کی کال پر واپڈا محنت کشوں نے ملک بھر میں بڑھتی ہوئی مہنگائی، بے روزگاری، واپڈا کی مبینہ نجکاری، فیڈرز کی آئوٹ سورسنگ، بھرتی میں غیر معمولی تاخیر، پیسکو میں فیکسڈ تنخواہ پر بھرتی شدہ فیلڈ سٹاف کی عدم مستقلی اور ٹسکو ملازمین کو بونس(ہارڈ شپ الائونس) کی عدم ادائیگی کیخلاف یوم احتجاج منایا۔ اس سلسلے میں صوبہ خیبر پختونخوا کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں واپڈا محنت کشوں نے ریلیاں نکالیں اور احتجاجی مظاہرے کئے جبکہ صوبائی چیئرمین حاجی محمد اقبال ، مرکزی چیئرمین گوہر تاج اور دیگر کی قیادت میں واپڈا کے ملازمین نے ریلی نکال کر پشاور پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا۔
مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے شرکاء نے حکومت پر زور دیا کہ واپڈا کی نجکاری اور فیڈرز کی آئوٹ سورسنگ ملک و قوم دشمن منصوبہ ہے۔ واپڈا کی نجکاری سے نہ صرف بے روزگاری میں اضافہ ہوگا بلکہ بجلی مزید مہنگی ہو جائے گی جس کے منفی اثرات براہ راست ملکی معیشت اور غریب عوام پر مرتب ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قومی مفاد عامہ کا ادارہ واپڈا کو نجکاری کے حوالہ کرنے کی بجائے اس میں اصلاحات کرکے یعنی ماضی کی طرح جملہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو تحلیل کرکے واپڈا میں ضم کیا جائے تاکہ غیر معمولی اخراجات پر قابو پاکر واپڈا کو ایک منافع بخش ادارہ بنایا جاسکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 2000 میں واپڈا کو ٹکڑوں میں تقسیم کرکے قومی خزانہ کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا گیا ہے۔
موجودہ حکومت کو چاہئے کہ سابقہ غیر دانشمندانہ فیصلہ کو واپس لے کر واپڈا کو حسب سابق بحال کیا جائے تاکہ قومی خزانے کو مزید نقصان سے بچایا جاسکے کیونکہ بین الاقوامی مالیاتی اداروں کی ایماء پر ڈسکوز بنا کر واپڈا کو مالی اور تکنیکی لحاظ سے غیر مستحکم کردیاگیا ہے۔ لہٰذا ملک و قوم کے بہتر مفاد میں واپڈا کو بحال کیا جائے تاکہ ایک دفعہ پھر واپڈا کو ایک منافع بخش اور ترقیافتہ ادارہ بنایا جاسکے۔نیز واپڈا کی نجکاری کا فیصلہ واپس لے کر بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بے روزگاری کے خاتمے کے لئے جنگی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں۔

مزید پڑھیں:  اسلام آباد پر قبضے کی سوچ ترک کرنی ہوگی، خواجہ سعد رفیق