5رکنی نگران صوبائی کابینہ نے حلف اٹھالیا،ایک خاتون شامل

ویب ڈیسک : خیبر پختونخوا کی نگران کابینہ میں 15ارکان کو شامل کرلیا گیا جن میں 14ارکان نے گزشتہ روز گورنر خیبر پختونخوا غلام علی سے حلف لے لیا ہے ارکان کو قلمدان اگلے مرحلے میں سونپے جائیں گے نگران کابینہ تشکیل دیتے ہوئے انکی حلف برداری کی تقریب گزشتہ روز گورنر ہائوس پشاور میں منعقد کی گئی گورنر غلام علی نے 14ارکان سے حلف لیا منظور آفریدی بیرون ملک ہونے کی وجہ سے حلف نہیں لے سکے جبکہ کابینہ میں صرف ایک خاتون جسٹس ( ر ) قیصر ارشاد کو شامل کیا گیا ہے کابینہ کی حلف برداری کی تقریب کیلئے صحافیوں کو مدعو نہیں کیا گیا تھا اور پی ٹی وی سے لائیو کٹ لینے کی ہدایت کی گئی تاہم سرکاری ٹی وی نے بھی حلف برداری کی تقریب دوسری تقریب کے ساتھ سکرین شیئر کرتے ہوئے دکھائی۔ صحافیوں کے حلف برداری کی تقریب میں نہ ہونے سے سوالات سے چھٹکارا حاصل کیا گیا
کابینہ ارکان کو صرف شامل کیا گیا ہے اور اب تک انہیں قلمدان سونپنے کے حوالے سے کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی ہے تاہم ان ارکان میں جسٹس ( ر) قیصر ارشاد کے علاوہ باقی تمام کی کسی نہ کسی پارٹی کے ساتھ وابستگی ہے ۔ عبدالحلیم قصوریہ ، سید حامد شاہ ، ساول نذیر ایڈوکیٹ ،منظور آفریدی اور بخت نواز کا تعلق ظاہری یا درپردہ جمعیت علماء اسلام سے ہے۔
اسی طرح فضل الٰہی اور عدنان جلیل کو گورنر غلام علی کے ساتھ بہتر تعلقات کی بنیاد پر شامل کیا گیا ان 7ممبران کو جمعیت کی براہ راست حمایت حاصل ہوگی۔ حاجی غفران کو قومی وطن پارٹی، سید مسعود شاہ کو نگران وزیر اعلیٰ اعظم خان کے سمدھی ہونے ، خوشدل خان ملک کو پیپلز پارٹی کے ساتھ وابستگی ، تاج محمد آفریدی کو سرمایہ کار ہونے ، محمد علی شاہ کو امیر مقام کے انتہائی قریبی ساتھی اور مسلم لیگ کے کارکن ہونے شفیع اللہ کو نجم الدین خان کے چچازاد ہونے اور شاہد خان خٹک کو عوامی نیشنل پارٹی کے کارکن ہونے کی حیثیت سے کابینہ میں شامل کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں:  پی ٹی آئی اسٹیبلشمنٹ بات کرنا چاہتی ہے تو ہم نے کب روکا ہے، رانا ثنا اللہ