دہشتگردوں کو واپس کون لایا

دہشتگردوں کو واپس کون لایا؟ کس نے کہا تھا یہ ترقی میں حصہ لینگے، وزیراعظم

وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا کو انسداد دہشتگردی کیلئےاربوں روپے دیے گئے، ان کا حساب دیا جائے کہ وہ کہاں گئے؟ بغیر کسی کا نام لیے وزیراعظم نے سوالات کیے کہ دہشتگردوں کو واپس کون لایا اور کس نے کہا تھا یہ جہادی پاکستان کے دوست ہیں؟
ویب ڈیسک: وفاقی کابینہ کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے گزشتہ 10 سال میں وفاق کی جانب سے کے پی کو ملنے والی رقم کے استعمال پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ 417 ارب روپے خیبرپختونخوا کو ادا کیے جاچکے ہیں، 417 ارب روپے کہاں استعمال ہوئے؟ کہا جاتا ہے کہ ہمیں پیسے نہیں ملے لیکن انہیں سالانہ 40 ارب ملے، یہ پیسہ پولیس اور سکیورٹی فورسز کی بہتری کے لیے استعمال ہونا تھا لیکن پیسہ کہاں گیا خدا جانے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کوسالانہ 40 ارب روپے ملے، اتنے کسی اور صوبے کو نہیں ملے، چاروں صوبوں نے مل کر یہ پیسہ دیا، یہ پیسہ کہاں گیا کوئی نہیں جانتا، گزشتہ دس سال کے پی کو دہشتگردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا، وہاں گزشتہ دس سال پی ٹی آئی کی حکومت رہی۔
شہبازشریف نے مزید کہا کہ دہشتگردی کا ناسور دوبارہ سر اٹھارہا ہے، سوال یہ ہے کہ ان دہشتگردوں کو واپس کون لایا؟ کس طرح دوبارہ پاکستان کا امن خراب ہو گیا؟ کس نے کہا تھا یہ جہادی ہیں اور پاکستان کے دوست ہیں؟ کس نے کہا تھا ان لوگوں نے ہتھیار ڈال دیے اور یہ ملک کی ترقی میں حصہ لیں گے۔
وزیراعظم نے اجتماعی کوششوں سے دہشتگردی کے خاتمے کا عزم کرتے ہوئے کہا کہ فوری مناسب اقدامات نہ کیے گئے تو دہشتگردی پاکستان میں پھیل جائے گی۔

مزید پڑھیں:  پاکستان کو توانائی کی اشد ،امریکا کیساتھ رابطے میں ہیں:ترجمان دفتر خارجہ