انتخابات کی تاریخ کا فوری اعلان

انتخابات کی تاریخ کا فوری اعلان کریں، صدر کا چیف الیکشن کمشنر کو خط

صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی نے الیکشن کمیشن کو آئین کے مطابق خیبرپختونخوا اور پنجاب ميں انتخابات کی تاریخ کا فوری اعلان کرنے کیلئے خط لکھ دیا۔
ویب ڈیسک: تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے الیکشن کمیشن کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ آئین الیکشن میں تاخیر کی اجازت نہیں دیتا، خیبرپختونخوا اور پنجاب میں انتخابات کی تاریخ کا فوری اعلان کریں تاکہ صوبائی اور عام انتخابات سے متعلق قیاس آرائیوں کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔
صدر مملکت کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن، الیکشن ایکٹ 2017 کے مطابق صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کی تاریخ کا فوری اعلان کرتے ہوئے خیبرپختونخوا اور پنجاب کی صوبائی اسمبلیوں کیلئے انتخابی شیڈول جاری کرے۔
خط میں صدر مملکت نے کے پی اور پنجاب کی صوبائی اسمبلیوں کی تحلیل کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ آئین کا آرٹیکل 224 دو اسمبلیاں توڑنے کے 90 دن کے اندر الیکشن کرانے پر زور دیتا ہے۔
خط میں صدر مملکت کا کہنا ہے کہ آئین کا آرٹیکل 218 (3) الیکشن کمیشن کو شفاف اور آزادانہ انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانےکا فرض تفویض کرتا ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ فرائض کی ادائیگی میں ناکامی کی صورت میں الیکشن کمیشن ہی کو آئین کی خلاف ورزی کا ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا۔
خط میں کہا گیا ہے کہ آئین اور الیکشن ایکٹ 2017 کی خلاف ورزی کے سنگین نتائج سے بچا جائے، دونوں تحلیل شدہ اسمبلیوں کے انتخابی شیڈول کا فوری اعلان کیا جائے۔
صدر مملکت نے خط میں آئین کی تمہیداور قرارداد مقاصد کا بھی حوالہ دیا ہے، تمہید کے مطابق ریاست اپنی طاقت اور اختیار کو عوام کے منتخب نمائندوں کے ذریعے استعمال کرے گی۔

مزید پڑھیں:  وانا، میٹرک کے سالانہ امتحانات ڈیرہ بورڈ کے زیراہتمام جاری