پی ٹی آئی دور میں کرپشن

پی ٹی آئی دور میں کرپشن بڑھی ہے، عثمان ترکئی کااعتراف

ویب ڈیسک: تحریک انصاف کے سابق ایم این اے عثمان خان تر کئی کی پی ٹی آئی کی کرپشن کے حوالے سے سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہوگئی ہے جس میں عثمان تر کئی نے عمران خان اور ان کے وزراء پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی دعویٰ کرتی تھی کہ ہم نے کرپشن ختم کردی ہے لیکن میں اللہ کو حاضر ناظر جان کر کہتا ہوں کہ کرپشن پہلے سے زیادہ ہوئی ہے۔
میں یہ نہیں کہتا کہ عمران خان نے یہ سب اکیلے کیا ہے بلکہ عمران کے گرد جو لوگ ہیں ان سب کے ہاتھ کرپشن میں رنگے ہیں اور یہ سب چند دنوں میں عوام کو پتہ چل جائے گا۔ عثمان خان تر کئی نے کہا کہ حکومتیں ختم ہو چکی ہیں اب ایک ایک بندے کی فائلیں سب سامنے آ جائیں گی ۔ جتنی کرپشن پی ٹی آئی حکومت میں ہوئی اتنی کرپشن پہلے کبھی نہیں ہوئی تھی۔ پی ٹی آئی کے ذمہ داروں نے پیسوں کے لئے بھر تیو ں اور تبادلوں کے لئے اپنے بندوں کو بٹھایا۔
پرویز خٹک کی وزارت ہو، اسد قیصر کی ہو، شہرام کی ہو، عاطف کی ہو، وزیراعلی یا دیگر کی ہو سب میں اتنی کرپشن ہوئی ہے جس کے نتیجہ میں ملک پہلے سے زیادہ قرض دار ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈالر اور مہنگائی میں اس کرپشن کی وجہ سے اضافہ ہوگیا ہے سو فیصد ترقیاتی فنڈز میں80فیصد پی ٹی آئی کے ذمہ داروں کی جیبوں میں چلا جاتا تھا اور صرف 20فیصد فنڈز ترقیاتی منصوبوں پر خرچ کیا جاتا رہا ہے۔

مزید پڑھیں:  ورلڈ بینک ،نپٹرولیم مصنوعات مزید مہنگا ہونے کا خدشہ