تحریک انصاف کارکن جاں بحق

پولیس اورپی ٹی آئی کی جھڑپیں 1جاں بحق،متعددزخمی،ریلی ختم

ویب ڈیسک:پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ پنجاب پولیس کے مبینہ تشدد اور شیلنگ سے پی ٹی آئی کا ایک کارکن جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے، پولیس نے پیش قدمی کرنے والے متعدد کارکنان کو گرفتار بھی کرلیا ہے۔ پی ٹی آئی کے ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ پولیس کے تشدد اور شیلنگ سے متعدد کارکنان زخمی ہوئے جن میں سے کچھ کی حالت تشویشناک ہے جبکہ بلال نامی ایک کارکن نے ہسپتال پہنچ کر دم توڑ دیا۔
ترجمان پی ٹی آئی کے مطابق بلال کے سر پر پولیس نے ڈنڈے مارے تھے۔ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے جاں بحق کارکن کی ایک ویڈیو بھی جاری کی گئی اور دعویٰ کیا گیا ہے کہ بلال زمان پارک کے باہر موجود تھا۔دوسری جانب پنجاب پولیس کے ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ شہر میں پی ٹی آئی اے کے پر تشدد ہنگاموں کے دوران لا اینڈآرڈر کنٹرول کرتے ہوئے پولیس کی کئی جوان شدید زخمی ہوئے جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کارکنان کے تشدد سے دو ڈی ایس پیز سمیت گیارہ اہلکار زخمی ہوئے۔ زخمی ہونے والوں میں ڈی ایس پی سبزہ زار، ڈی ایس پی ٹائون شپ شامل ہیں جبکہ ایس ایچ او ہنجروال بھی پتھرائو سے زخمی ہوئے۔قبل ازیں پنجاب حکومت کی جانب سے دفعہ 144 کے نفاذ کے بعد تحریک انصاف کی ریلی روکنے کیلئے مال روڈ پر پولیس کی بھاری نفری موجود رہی۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے لاہور میں دفعہ 144 نافذ کرکے جلسہ ، جلوس ، ریلی پر پابندی عائد کر دی ہے و آئندہ 7 روز تک جاری رہے گی۔دفعہ 144کی خلاف ورزی پرہی بدھ کے روز پولیس نے تحریک انصاف کے کارکنوں کے خلاف کریک ڈائون کیا۔پولیس نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر متعدد پی ٹی آئی کارکنوں کو حراست میں لے لیا اور کارکنوں کی گاڑیوں کے شیشے بھی توڑ دیے۔پولیس اور پی ٹی آئی کارکنوں میں تصادم بھی ہوا۔
پولیس نے شیلنگ اور واٹر کینن کا استعمال کر کے پی ٹی آئی کارکنوں کو پیچھے دھکیل دیا۔ پی ٹی آئی کارکنوں نے پولیس پر پتھرائو کیا۔ تحریک انصاف نے لاہور کے علاقے زمان پارک کے اردگرد اپنے کارکنان کی پولیس سے جھڑپوں کے بعدریلی ختم کرنے کا اعلان کیااورکارکنوں کوگھرجانے کی ہدایت کردی۔پولیس کے ساتھ جھڑپوں کے بعد زمان پارک میں میں صورتحال کشیدہ ہے اورکارکنوں کی تعداد بھی کم ہورہی ہے۔چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ نگران حکومت جوکررہی ہے یہ آئین اورجمہوریت پرحملہ ہے ۔

مزید پڑھیں:  بگ باس او ٹی ٹی 3 کا پریمیئر جون میں ریلیز ہوگا