نوشہرہ بہن بھائی قتل

نوشہرہ میں جواں سال بہن بھائی کا بہیمانہ قتل، راہگیر شدید زخمی

ویب ڈیسک: نوشہرہ میں جواں سال بہن بھائی پرانی دشمنی کی بھینٹ چڑھ گئے، جہانگیرہ جی ٹی روڈ نودیہہ نڑی کے قریب کار اور موٹر سائیکل پر سوار آٹھ ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کر کے بہن بھائی کو قتل جبکہ ایک راہگیر کو شدید زخمی کر دیا جس کی حالت بھی خطرے میں بتائی جا رہی ہے، مقتولہ گل بانو بھی دوہرے قتل کے الزام میں اشتہاری ملزمہ تھی، ملزمان واردات کے بعد باآسانی فرار ہو گئے۔
ریسکیو ٹیم نے لاشیں پوسٹ مارٹم کیلئے ڈی ایچ کیو ہسپتال پہنچا دیں۔ تفصیلات کے مطابق جہانگیرہ میں مین جی ٹی روڈ پر نودیہہ نڑی گائوں کی ستائیس سالہ مسماة گل بانو دختر مہربان شاہ اپنے سولہ سالہ بھائی علی کیساتھ اٹک جا رہی تھی جب وہ ٹی ایم اے آفس سے کچھ فاصلے پر نڑی نودیہہ کے قریب پہنچے تو وہاں ایک کار اور موٹر سائیکل پر سوار آٹھ ملزمان نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کر کے دونوں کو قتل کر دیا جبکہ ایک راہگیر ارشاد ولد جانس ساکن علی شاہ شدید زخمی ہو گیا جسے تشویشناک حالت میں قاضی حسین احمد میڈیکل کمپلیکس پہنچا دیا گیا جہاں اسکی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے جبکہ دونوں بہن بھائیوں کی لاشیں ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دی گئیں۔
ڈی پی او ناصر محمود کے مطابق مقتولہ گل بانو تھانہ اکوڑہ خٹک میں اشتہاری ملزمہ تھی جس پر 2022ء میں دو افراد کے قتل کا الزام تھا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں گروپوں سے اب تک درجنوں افراد قتل ہو چکے ہیں، ملزمان کو شک تھا کہ مقتولین کے خاندان نے ان کیخلاف پولیس کو منشیات فروشی کی مخبری کی تھی اور کئی سالوں سے یہ دشمنی چلی آ رہی ہے۔ پولیس نے سراج ولد سجاد گل، چمن گل ولد وارث گل، شیر ملک ولد چمن گل، فردوس ولد اما م شاہ، ظاہر، کامران پسران فردوس، انعام گل ولد وارث کیخلاف مقدمہ درج کر لیا۔

مزید پڑھیں:  وانا، میٹرک کے سالانہ امتحانات ڈیرہ بورڈ کے زیراہتمام جاری