طالبہ ہراسانی کیس

طالبہ ہراسانی کیس، جواب جمع نہ کرانے پر عدالت برہم

ویب ڈیسک: پشاور ہائیکورٹ نے مبینہ طور پر طالبہ ہراسانی کیس میں اسلامیہ کالج یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے جواب جمع نہ کرانے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ آخری موقع ہے، اگر اگلی پیشی پر باقاعدہ جواب جمع نہیں کرایا گیا تو کیس یکطرفہ طور پر سنا جائیگا۔ عدالت نے کیس کی سماعت 3 اپریل تک ملتوی کر دی۔ درخواست گزار طالبہ کی جانب سے سنگین خان اور جابر خان ایڈوکیٹس جبکہ اسلامیہ کالج یونیورسٹی کی جانب سے زرتاج انور عدالت میں پیش ہوئے۔
درخواست گزار کے وکلاء کے مطابق اسلامیہ یونیوسٹی کی جانب سے اب تک جواب جمع نہیں کروایا گیا ہے، طالبہ کو ہراساں کرنے کے واقعہ کے بعد متاثرہ طالبہ نے یونیورسٹی آنا چھوڑ دیا ہے، متاثرہ طالبہ کے دو سمسٹر ضائع ہو چکے ہیں۔ یہ کیس 2020ء سے عدالت میں چل رہا ہے مگر ابھی تک یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے جواب جمع نہیں کروایا گیا ہے اور بار بار اس کیس کو ملتوی کرنے کی استدعا کی جاتی ہے جس پر فاضل بنچ نے قرار دیا کہ انہیں جواب جمع کروانے کیلئے آخری موقع دیتے ہیں،آئندہ سماعت پر کسی طور کیس ملتوی نہیں کیا جائیگا۔

مزید پڑھیں:  لکی سیمنٹ فیکٹری پر نامعلوم دہشتگردوں کا حملہ، سیکورٹی گارڈ جاں بحق