مردان میں ڈینگی

مردان میں ڈینگی آئوٹ بریک پر ہنگامی اقدامات، فنڈز بھی طلب

ویب ڈیسک:مردان میں ڈینگی کے خطرناک آئوٹ بریک کے تناظر میں فوری طور پر فنڈز کی فراہمی کی درخواست کرتے ہوئے ضلع بھر کے ہسپتالوں میں انٹی گریٹڈڈیزیز سرویلنس رسپانس سسٹم کمیٹیاں قائم کردی ہے جبکہ ہسپتالوں میں آئسولیشن وارڈز کے قیام کی سفارش بھی کردی گئی ہے اس ضمن میں روزانہ بنیاد پر رپورٹنگ کیلئے فوکل پرسنز بھی نامزد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر مردان کی جانب سے ڈی جی ہیلتھ سروسز کو بھیجے گئے مراسلہ کے مطابق مردان ان ضلعوں کی فہرست میں شامل ہے
جس میں مختلف یونین کونسلوں میں ڈینگی ویکٹر لاروا اور بالغ مچھروں کا پتہ لگایا ہے اس کے تدارک کیلئے احتیاطی تدابیر بشمول کیڑے مار دوا کا چھڑکاؤ، متاثرہ علاقوں میں فیومیگیشن، عوامی آگاہی، ڈسٹرکٹ ہیلتھ مینجمنٹ ٹیم کے دورے بشمول ڈسٹرکٹ انٹمالوجسٹ، ڈی ایس اوز، پبلک ہیلتھ کوآرڈی نیٹر، ملیریا سپروائزر اور دیگر کیس رسپانس ضروری ہے مراسلہ کے مطابق مذکورہ سرگرمی کیلئے دستیاب بجٹ کی انتہائی کمی کا سامنا ہے اس لئے بجٹ فراہم کیا جائے دوسری جانب اس بارے میں انٹی گریٹڈ ڈیزیز رسپانس کمیٹیاں بھی قائم کردی گئی ہیں اور ضلع مردان کے ڈسٹرکٹ ہسپتال اور مردان میڈیکل کمپلیکس کے ساتھ ساتھ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال تخت بہائی میں آئسولیشن وارڈز کے قیام کی بھی سفارش کی گئی ہے ذرائع نے بتایا کہ گھر گھر مہم کیلئے لیڈی ہیلتھ ورکرز کو بھی فعال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے
جبکہ ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کی سربراہی میں رسپانس کمیٹی بھی تشکیل دیدی گئی ہے اس حوالہ سے ڈی جی ہیلتھ سروسز ڈاکٹر شوکت علی نے بتایا ہے کہ مردان میں ہنگامی طور پر آئوٹ بریک کے کنٹرول کیلئے اقدامات تجویز کئے جارہے ہیں اور جلد تمام فنڈز اور افرادی قوت بھی فراہم کردی جائے گی

مزید پڑھیں:  سوات، صوبہ بھر میں 50 فیصد سے زیادہ لوگ خوراک کی کمی کا شکار