کورونا میں کمی

کورونا میں کمی، ڈینگی اور ملیریا نے سر اٹھا لیا

ویب ڈیسک: خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں کورونا وائرس میں کمی کے بعد مچھروں کا سیزن دوبارہ شروع ہوگیا ہے۔ ڈینگی اور ملیریا کے ساتھ لش مینا بھی آئندہ ماہ سے پھیلنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے جس کیلئے محکمہ صحت کی جانب سے تمام اضلاع کی انتظامیہ کو اپریل میں بھرپور اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔ دوسری طرف پشاور کے شہری اور مضافاتی علاقوں میں بھی مچھر وں کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس کے لئے آئندہ ہفتہ سے مہم شروع کرنے کی منصوبہ بندی ہے ڈی جی ہیلتھ سروسز کے مطابق صوبے کے 18اضلاع بشمول پشاور میں لش مینا، ڈینگی اور ملیریا مچھروں کی وجہ سے کیس رپورٹ ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے
رواں سال ڈینگی اور لش مینا کیلئے انتہائی خطرناک قرار دیتے ہوئے اس کی روک تھام کیلئے ایکشن پلان مرتب کیا گیا ہے جبکہ گزشتہ سال بھی پشاور اور اس کے مضافات میں بروقت سپر ے نہ کرنے اور دوسرے اقدامات نہ اٹھانے کے باعث ڈینگی کی افزائش ہوئی تھی جس کے نتیجے میں پشاور کے تینوں بڑے تدریسی ہسپتالوں لیڈی ریڈنگ ہسپتال ، خیبر ٹیچنگ ہسپتال اور حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں سینکڑوں متاثرہ افراد کو لایا گیا تھا جبکہ 11افراد اپنی جانوں سے بھی ہاتھ دھو بیٹھے تھے رواں برس اس میں مزید شدت کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جس کی روک تھام کیلئے محکمہ صحت کی طرف سے اپریل میں پیشگی انتظامات کیلئے حتمی ہدف ہے جس کے بعد مذکورہ مچھروں پر کنٹرول مشکل ہوجائے گا۔

مزید پڑھیں:  ایبٹ آباد، سکول ٹیچرز کو ڈیوٹی پر لے جانے والے ہائی ایس کو حادثہ، 15 زخمی