بھگدڑ سے ہلاکتیں

کراچی: بھگدڑ سے ہلاکتیں؛ فیکٹری مالک سمیت 8 ملزمان ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

زکوٰۃ کی تقسیم کے دوران بھگدڑ سے ہلاکتوں کے واقعے کے بعد گرفتار فیکٹری مالک سمیت 8 ملزمان کو عدالت نے ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔
ویب ڈیسک: جوڈیشل مجسٹریٹ غربی نے سائٹ ایریا کی نجی فیکٹری میں بھگدڑ مچنے سے 12 افراد کی ہلاکت کے مقدمے میں فیکٹری مالک سمیت 8 ملزمان کو 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔
سٹی کورٹ میں جوڈیشل مجسٹریٹ غربی کے روبرو نجی فیکٹری میں بھگدڑ مچنے سے 12 افراد کی ہلاکت کے مقدمے کی سماعت ہوئی، جس میں پولیس نے گرفتار 8 افراد کو پیش کیا۔ تفتیشی افسر نے بتای اکہ ملزمان سے تفتیشی کرنی ہے، استدعا ہے کہ 14روز کے لیے جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔
وکیل صفائی نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ملزمان کے خلاف کوئی جرم نہیں بنتا، بری کیا جائے۔ ملزمان نے کوئی غیر قانونی کام نہیں کیا۔ فیکٹری مالک عبد الخالق اس وقت وہاں موجود نہیں تھا، جسے گرفتار کیا گیا ہے۔
عدالت نے فیکٹری مالک سمیت دیگر ملزمان کو 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرتے ہوئے ملزمان کو رہا کرنے کی درخواست مسترد کردی۔
مقدمہ فیکٹری کے مالک عبدالخالق سمیت دیگر ملازمین کے خلاف غفلت اور لاپروائی کی دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق فیکٹری انتظامیہ نے زکوٰۃ تقسیم کے حوالے سے پولیس اور ضلعی انتظامیہ کو لاعلم رکھا۔چوکیدار نے فیکٹری کے مین گیٹ کے ساتھ چھوٹا گیٹ کھولا تو خواتین اور بچے اندر داخل ہوئے اور بھگدڑ مچ گئی۔
واضح رہے کہ سائٹ ایریا میں گزشتہ روز ایک فیکٹری میں زکوٰۃ، راشن اور دیگر سامان کی تقسیم کے دوران بھگدڑ مچنے سے خواتین اور بچوں سمیت 12 افراد جاں بحق جب کہ کئی دیگر زخمی ہوگئے تھے۔

مزید پڑھیں:  افغان شہریوں کو شناختی کارڈ کا اجرا، اسسٹنٹ ڈائریکٹر نادرا گرفتار