سرکاری آٹے کی تقسیم میں خردبرد،ڈیلرزبھی ملوث

ویب ڈیسک:سرکاری آٹے کی تقسیم میں خردبرد سے متعلق مختلف شکایات کے بعد آٹا ڈیلر بھی مفت سرکاری آٹے پر ہاتھ صاف کرنے لگے ۔مردان میں آٹا ڈیلر نے مبینہ طور پر خاتون کے شناختی کارڈ نمبر پر سرکاری آٹا کے تھیلے نکال لئے گئے
جس کے خلاف کارروائی کی سفارش کی گئی ہے ۔ اس ضمن میں اسسٹنٹ کمشنر نوشہرہ کی جانب سے ڈپٹی کمشنر نوشہرہ کو جاری کردہ ایک مراسلے کے مطابق اسلام بیگم نامی خاتون نے مفت آٹے کیلئے مردان میں مقامی آٹاڈیلر کے پاس گئی تھی تاکہ وہاں سے سرکاری آٹا وصول کرسکیں تاہم انہیں بتایا گیا کہ اس کے شناختی کارڈ نمبر پر پہلے ہی آٹا نکالا جاچکا ہے جس پرخاتون نے اسسٹنٹ کمشنر نوشہر ہ کو شکایت درج کی کہ فضل امین نامی رجسٹرڈ ڈیلر ضلع مردان نے دھوکہ دہی سے اس کا شناختی کارڈ نمبر استعمال کرکے آٹے کے 4تھیلے مبینہ طور پر خردبرد کرلئے ہیں جبکہ اسے اطلاع دی گئی نہ ہی اس کے علم میں لا یا گیا۔
مراسلے کے مطابق اس معاملے کو محکمہ خوراک کے ذریعے چھان بین بھی کی گئی جس کے دوران معلوم ہوا کہ اس کے نام سے آٹا نکالا گیا ہے لہذا ڈپٹی کمشنر نوشہرہ سے متعلقہ معاملہ ڈپٹی کمشنر مردان کے ساتھ اٹھانے کی درخواست کی گئی ہے ۔واضح رہے کہ سرکاری آٹا کی تقسیم سے متعلق مختلف علاقوں سے آٹا خرد برد کرنے کی شکایات سامنے آرہی ہیں۔

مزید پڑھیں:  انسانی حقوق سے متعلق امریکی رپورٹ پاکستان نے مسترد کر دی