مہنگائی کی وجہ سے حج کرنے والے کم پڑگئے

ویب ڈیسک:مہنگائی کے باعث پاکستان میں پہلی بار ایسا ہو رہا ہے کہ حج کوٹہ دستیاب ہے لیکن حج کرنیوالے کم پڑگئے ہیں۔ ڈالر کی قلت اور مہنگائی سے پاکستانیوں کے لیے حج ادائیگی بھی مشکل ہوگئی ہے۔ ذرائع مذہبی امور کا کہنا ہے کہ حکومت نے استعمال نہ کیا جانے والا حج کوٹہ سعودی عرب کو واپس کرنے کا فیصلہ کیا ہے، حج کوٹہ واپسی کا حتمی فیصلہ وفاقی کابینہ کرے گی۔ذرائع کے مطابق مہنگے حج کے سبب بہت سے پاکستانی درخواستیں نہیں دے سکے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ درخواستوں کی کم وصولی پر سرکاری حج کوٹہ پرائیویٹ حج آپریٹرز کو دینے پر بھی غور کیا گیا تھا تاہم مسئلہ یہ ہے کہ پرائیویٹ حج آپریٹرز اضافی کوٹہ ملنے پر مارکیٹ سے ڈالر لیں گے اور اوپن مارکیٹ سے خریداری پر ڈالرکی غیر ضروری طلب بڑھ جائیگی۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ پاکستان کا مطالبہ رہا ہے کہ حج کوٹہ 1 لاکھ 79 ہزار 210 سے بڑھا کر 2 لاکھ 10 سے 20 ہزار کیا جائے، پاکستان کو کئی برس بعد 1 لاکھ 79 ہزارکا پورا حج کوٹہ ملا تھا جسے مکمل استعمال نہ کیا جاسکا۔ذرائع کے مطابق سرکاری اسکیم کے تحت 89 ہزار 605 عازمین حج کا کوٹہ مقرر کیا گیا، سرکاری حج اسکیم کے لیے کوٹے سے تقریباً 9 ہزار کم درخواستیں موصول ہوئیں
سرکاری ریگولر اسکیم کے تحت 72 ہزار 869 اور اسپانسر شپ اسکیم کے تحت درخواست گزاروں کی تعداد 8 ہزار رہی۔ذرائع مذہبی امور نے بتایا ہے کہ سرکاری اسکیم کے لیے مجموعی طور پر 235 ملین ڈالر درکار ہیں،کچھ ڈالر اسپانسرشپ اسکیم اور باقی حکومت فراہم کر رہی ہے۔

مزید پڑھیں:  خیبر میں آفریدی اقوام کاگرینڈ جرگہ ،لوڈ شیڈنگ خاتمے کیلئے ڈیڈلائن