ادویہ قیمتوں میں14تا 20 فیصد اضافے

ای سی سی نے ادویہ قیمتوں میں14تا 20 فیصد اضافے کی منظوری دیدی

ویب ڈیسک:کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی)نے ادویات چودہ سے بیس فیصد تک مہنگی کرنے کی منظوری دے دی۔ نجی ٹی وی کے مطابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں روز ویلٹ ہوٹل، گندم کی خریداری اور ادویات مہنگی کرنے سمیت متعدد معاملات پر بات کی گئی۔ ای سی سی نے ایک بار کے لیے ادویات کی قیمتوں میں چودہ سے بیس فیصد تک اضافے کی اجازت دے دی، ضروری اور جان بچانے والی ادویات مہنگائی کے ستر فیصد کے تناسب سے مہنگی کرنے کی منظوری دی گئی یعنی ان ادویات کی خوردہ قیمت(پرچون قیمت) میں چودہ فیصد تک اضافہ کیا جاسکے گا۔
اسی طرح عام دوائیں بھی مہنگائی کے ستر فیصد کے برابر مہنگی کرنے کی اجازت دی گئی ہے مگران کی قیمت میں بیس فیصد سے زیادہ اضافہ نہیں کیا جا سکے گا۔اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ پنجاب، سندھ اوربلوچستان کو گندم کی خریداری کاہدف مقرر کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے، سندھ 14 لاکھ ٹن گندم خریدے گا، پنجاب 3900 روپے من کے حساب سے 35 لاکھ اور بلوچستان 3900 روپے من کے حساب سے ایک لاکھ ٹن گندم خریدے گا۔ ای سی سی نے اسلام آباد پولیس کو بھرتیوں اور دیگر اخراجات کے لیے 45 کروڑ روپے تکنیکی گرانٹ دینے کی منظوری بھی دے دی ہے۔

مزید پڑھیں:  بجلی کا یونٹ 2 روپے 94 پیسے مزید مہنگا ہونے کا امکان