چیف جسٹس سپریم کورٹ جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا ہے کہ اگر آئین کہتا ہے کہ 90 دن میں الیکشن ہوں گے تو ہمیں اس پر عمل درآمد کرنا ہوگا ہمارے پاس اس کے سوا کوئی دوسرا راستہ نہیں۔
ویب ڈیسک: لاہور کے نجی ہوٹل میں "دستور پاکستان میں اقلیتوں کو حاصل حقوق” کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا ہے کہ جسٹس اے آر کارنیلیئس نے بہترین خدمات انجام دیں، انہوں نے 23 سال کی عمر میں آئی سی ایس پاس کیا، جسٹس کارنیلیئس نے سپریم کورٹ کو 17 سال دیئے، وہ جوڈیشل سسٹم کیلئے طرہ امتیاز تھے۔
جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا جسٹس اے آر کارنیلیئس ایک اچھے قانون دان اور سادگی پسند تھے، 1955میں انہوں نے گورنر جنرل کے اسمبلیوں کی تحلیل کو غیر قانونی قرار دیا، پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی ہے، آئین پاکستان اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کا ضامن ہے، 1964 میں 2 صوبوں نے جماعت اسلامی پر پابندی لگائی تھی، مولانا مودودی کیس میں پابندی ہٹا دی گئی۔
چیف جسٹس نے مزید کہا ہے کہ پاکستان دو دہائیوں سے دہشتگردی کا شکار ہے، پاکستان نے دہشتگردی کی جنگ میں 80 ہزار سے زائد جانیں گنوائیں، عدالتیں ایگزیکٹو آرڈر پاس نہیں کر سکتیں، پاکستان کے ہر شہری کو بنیادی حقوق حاصل ہیں، بنیادی انسانی حقوق پر فیصلہ کرنا سپریم کورٹ کا حق ہے، جب سچائی سے گریز کیا جائے تو انصاف سے گریز کیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ ججز میں انصاف کرنے کیلئے جسٹس کارنیلیئس جیسے اوصاف ہونے چاہئیں، عدالتوں کے فیصلوں کی اخلاقی اتھارٹی ہوتی ہے، آئین کا تحفظ ہمارے بنیادی فرائض میں شامل ہے، جسٹس کارنیلیئس نے کہا تھا ایگزیکٹو آفیسر بنیادی حقوق کا فیصلہ نہیں کر سکتے، ہر شخص قانون کے تابع ہے، معاملات کو بات چیت کے ذریعے حل کرنا چاہیے، ہمیں اس معاملے سے کوئی لینا دینا نہیں۔
جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو احساس ہے کہ قانون کی پاسداری کرنا ان کی ڈیوٹی ہے، ہم ان کی سپورٹ کیلئے موجود ہیں، دوسری صورت میں ہمار فیصلہ موجود ہے، آپ کہتے ہیں ہم اس کو سپورٹ کرتے ہیں، میں سپریم کوٹ کا حصہ ہوں میری انفرادی حیثیت ہے، سپریم کورٹ آئینی ادارہ، ہم ایک حصے کی طرح کام کریں گے، ملکی ترقی کا واحد راستہ علم ہے۔
Load/Hide Comments