پی ٹی آئی رہنمائوں پروفاداریاں بدلنے کیلئے دبائو

ویب ڈیسک:خیبر پختونخوا میں بھی تحریک انصاف کے رہنمائوں کو پارٹی سے وفاداری تبدیل کرنے کیلئے شدیددبائو کاسامنا ہونے کی اطلاعات ہیں، تحریک انصاف کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اہم رہنمائوں سمیت ضلع اور تحصیل سطح کے ورکرز کو بھی پارٹی سے وفاداری تبدیل کرنے کیلئے دبائوکاسامناہے اس صورتحال میں بلدیاتی نمائندے بھی پارٹی کی جانب سے 9مئی کے احتجاج کی مذمت کررہے ہیں ۔واضح رہے کہ سندھ اورپنجاب میں تحریک انصاف کے کئی ممبران اورٹکٹ ہولڈرزپارٹی چھوڑرہے ہیں جس کے بعد خیبر پختونخوا میں بھی پارٹی رہنمائوں پردبائو کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی رہنمائوں کوسیاست چھوڑنے یاکسی دوسری پارٹی میں شمولیت پرمجبور کیاجارہاہے ْ۔ پی ٹی آئی رہنمائوں پریہ دبائو طاقت ورعناصر کے ساتھ ساتھ اپنی فیملی کے لوگوں اوردوستوں کی طرف سے بھی آرہاہے ۔
اس سے قبل بدھ کے روزپاکستان تحریک انصاف کے ایڈیشنل سیکرٹری عامر محمودکیانی نے تحریک انصاف اور سیاست چھوڑنے کا اعلان کیاتھا۔اپنی پریس کانفرنس میں عامرکیانی نے کہا کہ جی ایچ کیو اور کور کمانڈر ہائوس کا واقعہ افسوس ناک ہے۔میرا افواج پاکستان کے ساتھ قریبی تعلق ہے،ہم ادارے اور ریاست کا حصہ ہیں۔ 9 مئی کے واقعات نے ذاتی طور پر مجھے تکلیف پہنچائی۔ جس نہج پر صورتحال آچکی ہے اس سیاست میں شامل نہیں رہ سکتا۔ کراچی سے آنے والی اطلاعات کے مطابق پی ٹی آئی رہنماعلی زیدی نے بھی نومئی واقعات کی مذمت کی ہے تاہم انہوں نے پارٹی چھوڑنے کی واضح الفاظ میں تردید کی۔
پی ٹی آئی کے رکن سندھ اسمبلی ڈاکٹر سنجے گنگوانی نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کیا اور کہا کہ کور کمانڈر ہائوس، شہدا کی یادگاروں پر حملوں کی مذمت کرتے ہیں۔اس کے علاوہ پی ٹی آئی کے رکن سندھ اسمبلی کریم گبول نے بھی پارٹی چھوڑنے کا اعلان کیا۔ادھر پی ٹی آئی کے پی پی148کے ٹکٹ ہولڈر میاں عباد فاروق نے پارٹی ٹکٹ واپس کرتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ کورکمانڈرہائوس پرحملے کاحکم قیادت کی طرف سے دیاگیاتھا۔دوسری طرف تحریک انصاف کی رہنماکنول شوذب کا کہنا ہے کہ جاوید ہاشمی گیا، جہانگیر ترین، علیم خان اور دیگر گئے، ریحام خان سے پوری کتاب لکھوا لی، عائشہ گلالئی سے الزام لگوا لئے، قومی اسمبلی میں لوٹے بنائے ،کچھ اثر ہوا تحریک انصاف پر؟ بلکل نہیں!اب بھی کچھ نہیں ہونا کیونکہ PTI عمران خان اور عوام کا نام ہے باقی سب طفیلی ہیں۔

مزید پڑھیں:  گندم سکینڈل، وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس آج طلب