امریکا اوراتحادی

امریکا اوراتحادی ممالک یوکرین کو ایف 16 طیارے فراہم کریں گے

امریکا اور اتحادی ممالک یوکرین کو ایف 16 سمیت جدید ترین جنگی طیارے دیں گے۔
ویب ڈیسک: امریکی میڈیا کے مطابق مغربی ممالک یوکرین کو ایف سولہ طیارے فراہم کریں گے اور آئندہ چند ماہ میں اس بات کا فیصلہ ہوگا کہ طیاروں کی فراہمی کب شروع کی جائےگی۔
رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے طیاروں کی فراہمی اور پائلٹوں کی تربیت اگلے چند ہفتوں میں شروع کی جاسکتی ہے۔
اس سے قبل جی سیون اجلاس میں امریکی صدر جو بائیڈن نے رہنماؤں کو بتایا کہ واشنگٹن ایف 16 جنگی طیاروں پر یوکرین کے پائلٹوں کو مشترکہ تربیتی پروگرام کے منصوبے کی حمایت کرتا ہے۔
صدر ولادیمیر زیلنسکی نے اس فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے اس سے ان کی فضائیہ مضبوط ہو جائے گی ، یوکرین کے پاس مغرب کے تیار کردہ لڑاکا طیارے نہیں، ایف 16 طیارے سابقہ سویت یونین کے لڑاکا طیاروں سے کہیں زیادہ بہتر ہیں۔
یوکرین اب بھی روس کے خلاف جنگ میں سابقہ سویت یونین کے جنگی طیارے استعمال کر رہا ہے ، پولینڈ اور سلوواکیہ نے یوکرین کو 27 ’مگ 29‘ طیارے فراہم کیے تھے۔
رواں ہفتے یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی سے برطانیہ اور نیدرلینڈز کے وزرائے اعظم نے ’جیٹس اتحاد‘ میں شامل ہونے سے متعلق وعدے کیے تھے اور کہا تھا کہ یوکرین کو لڑاکا طیارے فراہم کیے جائیں گے۔

مزید پڑھیں:  افغان شہریوں کو شناختی کارڈ کا اجرا، اسسٹنٹ ڈائریکٹر نادرا گرفتار