2027تک ملکی معیشت کو سود سے پاک کرنا ہے،گورنرسٹیٹ بینک

ویب ڈیسک:گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد نے کہا ہے کہ 2027تک ملکی معیشت کو سود سے پاک کرنا ہے۔جمیل احمد نے اسلامک کیپیٹل مارکیٹ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملکی اکانومی کیلئے اسلامک کیپیٹل مارکیٹ سے گروتھ میں بہتری آ رہی ہے،اسلامک کیپیٹل مارکیٹ کا حجم 3 ٹریلین ڈالر تک پہنچ چکاہے،گزشتہ دس برسوں میں پاکستان میں اسلامک بینکنگ میں 24 فیصد اضافہ ہوا۔ گورنر سٹیٹ بینک نے کہا کہ 2027 تک ملکی معیشت کو سود سے پاک کرنا ہے
پاکستان نے 2.8 ٹریلین روپے کے اسلامک سکوک بانڈز کا اجرا کر رکھا ہے، حکومتی قرض کو اسلامک سکوک میں تبدیل کرنے کیلئے سٹیٹ بینک میں کمیٹی قائم کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کیپیٹل مارکیٹ سے شریعہ کمپلائنس کے ذریعے فنڈنگ پر بات چیت جاری ہے،سکوک اجرا کے ذریعے حکومت کے مالیاتی ضروریات کو بھی پورا کیا جا سکتا ہے۔اسٹیٹ بینک اور ایس ای سی پی مل کر اسلامک فنانس سیکٹر کے فروغ کے لئے اصلاحات کر رہے ہیں۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان(ایس ای سی پی) عاکف سعید نے کہا کہ وفاقی شرعی عدالت کے فیصلے کے بعد ملک میں اسلامی مالیاتی نظام کے فروغ کے لئے اہم اقدامات کئے گئے ہیں، اگلے دو سال میں اسلامک کیپٹل مارکیٹ کو فروغ دینے کا ہدف ہے۔

مزید پڑھیں:  الیکشن کمیشن، آزاد ارکان قومی اسمبلی کی سنی اتحاد کونسل میں شمولیت تسلیم