خیبرپختونخواکے بجٹ کاجائزہ،تنخواہوں میں اضافہ پر غور

ویب ڈیسک: نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان کی صدارت میں نئے مالی سال کے بجٹ کی تیاری سے متعلق ایک اجلاس جمعہ کے روز منعقد ہوا۔ نگران کابینہ کے اراکین حامد شاہ، بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکا خیل اور حمایت اللہ کے علاوہ چیف سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری زبیر اصغر قریشی، سیکرٹری خزانہ محمد ایاز اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں نئے مالی سال کے بجٹ اور سالانہ ترقیاتی پروگرام کے ابتدائی خدو خال کا جائزہ لیا گیا جبکہ محکمہ خزانہ اور منصوبہ بندی کے حکام کی طرف سے اجلاس کو بجٹ تخمینہ جات اور سالانہ ترقیاتی پروگرام کے مختلف پہلوئوں پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نگران صوبائی کابینہ سے صرف چار ماہ کے بجٹ کی منظوری لی جائے گی۔ اجلاس میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں ممکنہ اضافے سے متعلق معاملات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں طے پایا کہ نگران صوبائی کابینہ کا بجٹ اجلاس وفاق اور پنجاب کے بجٹ پیش ہونے کے بعد بلایا جائے گا۔ اجلاس میں اگلے مالی سال کے بجٹ میں صحت کارڈ اسکیم کے لئے درکار فنڈز مختص کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ نئے مالی سال کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو ترجیح دی جائے گی۔

مزید پڑھیں:  کرغزستان صورتحال پر ناظم الامور کی دفتر خارجہ طلبی، شدید احتجاج