بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے وظیفہ میں 25 فیصد اضافہ

ویب ڈیسک: وفاقی وزیر شازیہ مری نے کہا ہے کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت 9 ہزار روپے کی رقم آج پیر سے ملنا شروع ہوجائے گی۔ چیئرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام وفاقی وزیر شازیہ مری نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ حکومت نے بے نظیر کفالت وظیفہ میں 25 فیصد اضافہ کیا ہے، مالی سال 23-2022ء کی چوتھی سہ ماہی قسط کے 9 ہزار روپے آج سے تقسیم ہونا شروع ہوں گے۔
شازیہ مری نے کہا کہ 90 لاکھ مستحقین کو یہ وظیفہ جاری کیا جائے گا، عوام کی سہولت کے لیے ان وظائف کی ادائیگی ملک بھر میں خصوصی طور پر قائم کردہ 1559 کیمپ سائٹس سے کی جا رہی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ مستحقین 9 ہزار روپے کی پوری رقم وصول کریں اور رسید لینا نہ بھولیں، اس کے ساتھ تعلیمی وظائف کی جنوری تا مارچ قسط بھی جاری کی گئی ہے، جن بچوں کی حاضری 70 فیصد سے زائد ہے ان کی مائیں یہ وظیفہ ضرور حاصل کریں اور کسی بھی شکایت کیلئے فری ہیلپ لائن 080026477 پر اطلاع کریں۔

مزید پڑھیں:  جنوبی وزیرستان، خوشاب حادثہ میں جاں بحق ہونیوالوں کیلئے شہداء پیکیج کا مطالبہ