یونان کشتی حادثہ، آج یوم سوگ کا اعلان، تحقیقات شروع

ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف نے یونان کے قریب بحیرہ روم میں کشتی الٹنے کے واقعے کی انکوائری کی ہدایت کردی ہے۔ واقعہ کی تحقیقات کے لیے 4 رکنی اعلیٰ سطحی کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے۔ وزیراعظم نے انسانی سمگلنگ میں ملوث افراد کے خلاف گھیرا تنگ کرنے کا حکم دیتے ہوئے گھنائونے جرم میں ملوث ایجنٹس کے خلاف فوری کریک ڈائون اور سزا دینے کی بھی ہدایت کردی ہے۔ وزیراعظم کی ہدایت پر ایف آئی اے نے ڈی آئی جی عالم شنواری کو واقعے میں جاں بحق افراد اور زخمیوں کی معلومات اور سہولت کے لیے فوکل پرسن مقرر کر دیا ہے۔ چیف سیکرٹری آزاد جموں و کشمیر نے بھی پاکستانی سفارتخانہ اور یونانی حکام سے رابطے اور جاں بحق و زخمی ہونے والوں کی معلومات کے لیے فوکل پرسن تعینات کیا ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے یونان کے قریب بحیرہ روم میں کشتی الٹنے کے واقعہ میں پاکستانیوں کے جاںبحق ہونے پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ مجھ سمیت پوری قوم کی ہمدردیاں جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔ وزیراعظم نے یونان میں پاکستانی سفارتخانے کو واقعے میں ریسکیو کیے جانے والے 12 پاکستانیوں کی دیکھ بھال کی ہدایت بھی کی ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم نے واقعے پر آج پیر 19 جون کو یوم سوگ کا اعلان بھی کیا ہے۔ وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیہ کے مطابق یوم سوگ کے موقع پر قومی پرچم سرنگوں رہے گا، جاں بحق افراد کے لیے خصوصی دعا کی جائے گی۔ اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے واقعے کی تحقیقات کے لیے 4 رکنی اعلیٰ سطحی کمیٹی بھی بنا دی ہے، نیشنل پولیس بیورو کے ڈائریکٹر جنرل احسان صادق کمیٹی کے چیئرمین مقرر کئے گئے ہیں۔
وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکرٹری افریقی امور جاوید احمد عمرانی، آزاد جموں و کشمیر پونچھ ریجن کے ڈی آئی جی سردار ظہیر احمد اور وزارت داخلہ کے جوائنٹ سیکرٹری ایف آئی اے فیصل نصیر بھی کمیٹی میں شامل ہیں۔ کمیٹی یونان میں کشتی ڈوبنے کے تمام حقائق جمع کرے گی۔

مزید پڑھیں:  عدالت کا امیر مقام اور ڈاکٹر عباد اللہ کیخلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم