سورج آگ برسانے لگا، جھلسا دینے والی تیز دھوپ، شہر سنسان

ویب ڈیسک: خیبر پختونخوا کے میدانی اضلاع بشمول پشاور تیسرے روز بھی شدید گرمی کی لپیٹ میں رہے۔ جمعرات کے روز سال کا طویل ترین دن ہونے کے ساتھ ساتھ سب سے زیادہ گرم ترین دن بھی رہا ہے۔ ڈی آئی خان میں درجہ حرارت 46 سینٹی گریڈ سے تجاوز کر گیا جبکہ بنوں میں 45 سینٹی گریڈ گرمی ریکارڈ کی گئی۔ پشاور میں تیسرے روز بھی درجہ حرارت 43 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو کہ 48 سینٹی گریڈ محسوس کیا گیا۔ گرم مرطوب اضلاع کے ساتھ ساتھ بالائی علاقوں چترال اور سیدو میں بھی درجہ حرارت 41 سینٹی گریڈ تک رہا۔ دیر میں 38 سینٹی گریڈ اور ایبٹ آباد میں بھی 36 سینٹی گریڈ سے زائد گرمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ رات کے اوقات میں بھی ان اضلاع میں درجہ حرارت 38 سینٹی گریڈ رہا جس کی وجہ سے دن کے ساتھ ساتھ رات کے اوقات میں بھی شہری پسینے میں شرابور رہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج 23 اور کل 24 جون کے دوران صوبہ کے ز یادہ تر علاقوں میں دن کے وقت درجہ حرارت میں بتدریج اضافے کا امکان ہے اور درجہ حرارت مزید 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ معمول سے زیادہ رہے گا۔ گذشتہ روز سورج دن بھر آگ برساتا رہا اور گرم لو نے لوگوں کو بے حال کر دیا۔ گرمی کی شدت میں اضافہ کے ساتھ ہی پشاور اور کئی دوسرے شہروں میں درجنوں شہری بے ہوش ہو گئے جبکہ شدید گرمی کی وجہ سے ہسپتالوں میں دست اور قے کے مریضوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
جھلسا دینے والی گرمی سے پشاور میں معمولات زندگی متاثر ہوئے اور سڑکوں پر ہو کا عالم اور تجارتی مراکز پر مندی کا رجحان رہا۔ دوسری جانب شدید گرمی کے باعث بجلی کی طلب بھی بڑھ گئی اور بجلی کا شارٹ فال 8 ہزار 368 میگا واٹ کی ریکارڈ سطح پر پہنچنے سے شہری اور دیہی علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ دس سے بارہ گھنٹے تک بڑھ گیا ہے۔

مزید پڑھیں:  ایف آئی اے لاہور نے خاتون انسانی سمگلر کو گرفتار کر لیا