نیب ترامیم

نیب ترامیم: صدارتی آرڈیننس جاری، قائم مقام صدر نے دستخط کر دیئے

وفاقی کابینہ کی جانب سے نیب مجوزہ ترامیم کی منظوری کے بعد قائم مقام صدر صادق سنجرانی نے نیب آرڈیننس پر دستخط کر دئیے۔
ویب ڈیسک: قائم مقام صدر صادق سنجرانی نے نیب ترمیمی آرڈیننس پر دستخط کیے اور انہوں نے آرڈیننس وزیر اعظم کی ایڈوائس پر جاری کیا۔
نیب ترمیمی آرڈیننس کے مطابق گرفتار ملزم کو 14 کے بجائے 30 دن تک جسمانی ریمانڈ پر رکھا جا سکےگا۔
آرڈیننس کے تحت چیئرمین نیب تفتیش میں عدم تعاون پرملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کرسکیں گے۔
ذرائع وزارت قانون و انصاف کے مطابق وفاقی کابینہ نے مجوزہ ترامیم کی منظوری دی تھی۔
واضح رہے کہ صدارتی آرڈیننس کی راہ ہموار کرنے کیلئے پیر کی شام قومی اسمبلی کے اجلاس کو غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔ اس سے قبل اسپیکر قومی اسمبلی نے 26 جون کو قومی اسمبلی کا اجلاس 17 جولائی تک ملتوی کیا تھا۔
قومی اسمبلی کا اجلاس جاری ہو تو صدارتی آرڈیننس جاری نہیں کیا جا سکتا یہی وجہ ہے کہ اس سے قبل قومی اسمبلی اجلاس کو ملتوی کیا گیا۔
خیال رہے کہ صدر مملکت عارف علوی ان دنوں بیرون ملک ہیں اور ان کی جگہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی قائم مقام صدر ہیں۔

مزید پڑھیں:  ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ 22 ستمبر کو ہو گا، لاکھوں امیدواروں کی شرکت