سعودی وزیر نے پاکستان کو سرمایہ کاری کیلئے موزوں قرار دیا

ویب ڈیسک: سعودی نائب وزیر برائے سرمایہ کاری ابراہیم بن یوسف المبارک نے پاکستان کو سرمایہ کاری کیلئے انتہائی موزوں ملک قرار دے دیا ہے ۔
اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ابراہیم بن یوسف المبارک نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان نجی و سرکاری شعبے میں شراکت دار کو بلندیوں تک لے جانا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بڑی تعداد میں پاکستانی سعودی عرب کی ترقی میں کردار ادا کر رہے ہیں اور سعودی عرب پاکستان کو سرمایہ کاری کیلئے انتہائی موزوں ملک سمجھتا ہے۔
ابراہیم بن یوسف المبارک کا کہنا تھا سعودی عرب پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط دیکھنا چاہتا ہے، سعودی سرمایہ کار پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان آکر خوشی محسوس کر رہا ہوں، ہمارا دورہ پاکستان گزشتہ دورے کی کڑی ہے، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان بہت سی اقدار مشترک ہیں۔
سعودی وزیر کا کہنا تھا سعودی حکومت اور کمپنیاں سرمایہ کاری کیلئے پاکستان کو ترجیح دے رہی ہیں، ہماری کوشش ہے کہ دونوں ممالک کی تجارت ایک دوسرے سے منسلک ہو، یہ دورہ دونوں ممالک کی درمیان تجارتی تعلقات کو وسعت دینے کا مواقع فراہم کریگا۔
ابراہیم بن یوسف المبارک کا کہنا تھا ممالک کے درمیان تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے کمرشل سرمایہ کاری ایک مضبوط ذریعہ ہے، دونوں ممالک کے درمیان نجی و سرکاری شعبے میں شراکت دار کو بلندیوں تک لے جانا چاہتے ہیں۔

مزید پڑھیں:  ملک جہاں جا رہا ہے اس پر سوچنا پڑے گا:عمران خان