آج ریاست بچ گئی

اجتماعی کاوشوں کی بدولت آج ریاست بچ گئی، شہباز شریف

ویب ڈیسک: اسلام آباد میں شاہین چوک فلائی اوور کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف پروگرام بہت سخت ہے۔ سلسلہ وار ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی بحالی کیلئے پروگرام تشکیل دیا گیا ہے، مسلح افواج بھی معاشی بحالی کے پروگرام میں شریک ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری اجتماعی کاوشوں کی بدولت آج ریاست بچ گئی، ہم نے مجبوراً آئی ایم ایف پروگرام قبول کیا، وزیراعظم شہباز شریف کا اس موقع پر کہنا تھا کہ لاکھوں پاکستانیوں کی دعاؤں سے پاکستان آئی ایم ایف کے امتحان سے نکل آیا ہے، امید ہے کہ آج آئی ایم ایف کا بورڈ پاکستان کے پروگرام کی منظوری دے دیگا۔
افتتاحی تقریب کے دوران ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو اسٹیبلشمنٹ نے دھاندلی زدہ الیکشن سے اقتدار پر بٹھایا، چیئرمین پی ٹی آئی پاکستان دشمنی پر اترے ہیں، ان کا 190 ملین پاؤنڈ کا سکینڈل بھی سب کے سامنے ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے حق میں اسرائیل نے بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں ظلم ہو رہا ہے، انہوں نے کہا کہ اسرائیل کو پہلے اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیے، 9 مئی جیسا واقعہ اسرائیل میں ہوتا تو وہ کیا کرتا؟ واقعات کو آئین و قانون کے مطابق حل کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت کی مدت پوری ہونے میں ایک ماہ رہ گیا ہے، سوا سال میں ہم نے بڑے سودے کیے، کیا آپ نے ایک بھی کرپشن کا سکینڈل سنا؟ یہ اللہ کا کرم ہے۔

مزید پڑھیں:  ایرانی صدر ابراہیم رئیسی ودیگرشہداء کی نمازجنازہ آج اداکی جائیگی