اعظم خان "سلطانی گواہ” بن گئے، عمران خان نے سائفر کا ڈرامہ صرف اور صرف اپنی حکومت بچانے کے لئے رچایا

ویب ڈیسک: سابق وزیراعظم کے پرنسپل سیکریٹری اعظم خان نے سائفر سے متعلق اپنا بیان ریکارڈ کرا دیا۔ ذرائع کے مطابق اعظم خان نے اپنا بیان 164 کے تحت مجسٹریٹ کے سامنے ریکارڈ کرایا ہے۔ ذرائع کے مطابق اعظم خان کا ریکارڈ کرائے گئے بیان میں کہنا ہے کہ سیاسی مقاصد کے لئے سائفر کا ڈرامہ رچایا گیا۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے تمام تر حقائق کو چھپا کر سائفر کا جھوٹا اور بے بنیاد بیانیہ بنایا، تحریکِ عدم اعتماد سے بچنے کے لئے سائفر کو بیرونی سازش کا رنگ دیا گیا۔
اعظم خان نے ریکارڈ کرائے گئے بیان میں کہا ہے کہ عمران خان نے کہا کہ سائفر کو غلط رنگ دے کر عوام کا بیانیہ بدل دوں گا۔ اعظم خان کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے سائفر مجھ سے 9 مارچ کو لے لیا اور بعد میں گم کر دیا۔ ان کا اپنے ریکارڈ کرائے گئے بیان میں مزید کہنا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے سائفر کے ڈرامے کے ذریعے عوام میں ملکی سلامتی کے اداروں کے خلاف نفرت کا بیج بویا۔ اعظم خان نے مجسٹریٹ کو ریکارڈ کرائے گئے بیان میں کہا ہے کہ منع کرنے کے باوجود چیئرمین پی ٹی آئی نے سیکرٹ مراسلہ ذاتی مفاد کے لئے لہرایا۔ ریکارڈ کرائے گئے بیان میں اعظم خان کا کہنا ہے کہ سائفر کو جان بوجھ کر ملکی سلامتی کے اداروں اور امریکا کی ملی بھگت کا غلط رنگ دیا گیا۔ اعظم خان نے ریکارڈ کرائے گئے بیان میں کہا ہے کہ سائفر کا ڈرامہ صرف اور صرف اپنی حکومت بچانے کے لئے رچایا گیا۔
اعظم خان کا مجسٹریٹ کو ریکارڈ کرائے گئے بیان میں کہنا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے سائفر کو عوام کے سامنے بیرونی سازش کے ثبوت کے طور پر پیش کرنے کی بات کی۔ ذرائع کے مطابق 8 مارچ 2022ء کو سیکریٹری خارجہ نے اعظم خان کو سائفر کے بارے میں بتایا، شاہ محمود قریشی سابق وزیرِاعظم کو سائفر کے متعلق پہلے ہی بتا چکے تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وزیرِاعظم نے سائفر کو اپوزیشن اور اسٹیبلشمنٹ کے خلاف بیانیہ بنانے کے لئے استعمال کرنے کا فیصلہ کیا۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ سابق وزیرِاعظم چیئرمین پی ٹی آئی نے سائفر اپنے پاس رکھ لیا جو کہ قانون کی خلاف ورزی تھی، سائفر واپس مانگنے پر چیئرمین پی ٹی آئی نے اس کے گم ہونے کا بتایا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ 28 مارچ کو بنی گالا میں ہونے والی میٹنگ اور 30 مارچ کو سپیشل کیبنٹ میٹنگ میں سائفر کا معاملہ زیرِ بحث آیا۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ میٹنگز میں سیکریٹری خارجہ نے شرکاء کو سائفر کے مندرجات کے بارے میں بتایا۔

مزید پڑھیں:  غزہ کیلئے سرحدی کراسنگ کو کھولنا ہو گا، امدادی ٹرک تیار کھڑے ہیں، جان کربی