ڈینگی گائیڈلائنز جاری

ڈینگی بچائو کیلئے گائیڈلائنز جاری، جالیاں تقسیم کرنے کی تجویز

ویب ڈیسک: مہلک ڈینگی بخار سے بچائو کیلئے محکمہ صحت نے صوبہ بھر کے ضلعی ہسپتالوں میں ہنگامی انتظامات کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ مچھروں سے بچائو کیلئے گھروں اور رہائشی علاقوں میں احتیاط کیلئے گائیڈلائنز کے ساتھ ساتھ جالیاں بھی تقسیم کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ رواں برس خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں ڈینگی بخار کے شبہ میں درجنوں افراد سرکاری ہسپتالوں میں لائے گئے ہیں تاہم رواں برس ابھی تک کسی کی موت نہیں ہوئی ہے۔
ذرائع کے مطابق رواں سال کیلئے پشاور کے مختلف دیہاتی علاقوں کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے جبکہ صوبے کے دوسرے اضلاع میں بھی یونین کونسلوں کی سطح پر ڈینگی پھیلنے کی نشاندہی کی گئی ہے۔ ہیلتھ ڈائریکٹوریٹ کے ذرائع نے بتایا کہ ڈینگی ایکشن پلان کے تحت صوبے کے تمام ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں بالخصوص ڈینگی کے حوالے سے حساس اضلاع کے ہسپتالوں میں ڈینگی کے شک میں لائے گئے مریضوں کو الگ وارڈز میں رکھنے، نگرانی اور تمام تر علاج معالجہ مفت دینے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ گائیڈلائنز بھی جاری کر دیئے گئے ہیں جس کے مطابق ڈینگی بخار پھیلانے والا مچھر صبح دھوپ چڑھتے اور غروب آفتاب کے وقت حملہ کرتا ہے۔
اس کا مسکن صاف پانی کا ذخیرہ ہے اور کاٹنے کی صورت میں اس سے شدید درد اور تیز بخار لاحق ہوتا ہے اور اگر اس دوران کوئی عام مچھر بھی مریض کو کاٹ لے تو یہ مچھر بعد ازاں ڈینگی پھیلانے کا سبب بنتا ہے۔ دو یا تین دن سے زائد بخار کی صورت میں مریض کو ہسپتال کو رپورٹ کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ ڈیزیز سرولنس اینڈ رسپانس ایکٹ کے تحت متعلقہ اداروں کو بھی اپنے ملازمین کے بچائو اور ماحول صاف رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

مزید پڑھیں:  پشاور، تمام سرکاری ہسپتالوں کو بزرگ شہریوں کی مفت میڈیکل سکریننگ کی ہدایت