طالبات کو سکالرشپ

میٹرک مکمل کرنے کیلئے طالبات کو سکالرشپ دینے کا فیصلہ

ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا کے تین اضلاع پشاور، نوشہرہ اور چارسدہ میں 13 سے 17 سال تک کی عمر کی لڑکیوں کو میٹرک کی تعلیم مکمل کرنے کیلئے سکالرشپ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں بین الاقوامی رضاکار تنظیم ولنٹیئر سروسز اوورسیز، علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اور پارٹیسیپیٹری رورل ڈیویلپمنٹ سوسائیٹی کے درمیان معاہدہ طے پا گیا۔ خواہشمند طالبات وظائف کے حصول کیلئے 15 ستمبر تک درخواستیں جمع کرا سکتی ہیں۔ ایم وائی آر پی کے پروگرام منیجر طارق حیات یوسفزئی کے مطابق رواں سال 1200 طالبات کو علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے فاصلاتی نظام کے ذریعے دوسالہ میٹرک کورس میں مفت داخلہ دیا جائیگا۔
اس اقدام کے ذریعے غربت، سکولوں تک رسائی نہ ہونے، ثقافتی رکاوٹوں ودیگر وجوہات کی بناء پر تعلیمی سلسلہ نامکمل چھوڑنے والی طالبات کی حوصلہ افزائی کی جائیگی اورایم وائی آر پروگرام کے تحت انہیں داخلہ کیساتھ ساتھ مفت کتابیں بھی فراہم کی جائیگی تاکہ وہ میٹرک مکمل کرسکیں۔ ان اضلاع کی طالبات متعلقہ یونیورسٹی کے قریبی ریجنل دفاتر سے رابطہ کر کے داخلہ فارم اور پراسپکیٹس مفت حاصل کر سکتی ہیں جبکہ درخواستیں بمعہ فارم ب 15 ستمبر تک جمع کرائی جاسکتی ہیں۔ داخلہ فارم یونیورسٹی کے آن لائن ویب سائٹ پر بھی جمع کرائی جاسکتی ہیں۔ تمام کوائف کی چھان بین اور شارٹ لسٹنگ کے بعد مستحق طالبات کو 2 سال کے عرصہ کیلئے سکالرشپ دی جائیگی۔

مزید پڑھیں:  اداکار زوہاب خان نے ٹک ٹاکر وانیہ ندیم سے نکاح کرلیا