سی پیک شہباز شریف

سی پیک کے دوسرے مرحلہ میں اقتصادی زونز قائم کئے جائینگے، شہباز شریف

ویب ڈیسک: پاک چائنہ راہدی منصوبہ سی پیک کے 10 برس مکمل ہونے کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ توانائی بحران ختم کرنے میں سی پیک نے اہم کردار ادا کیا اور اسی کے باعث ملکی برآمدات میں اضافہ ہوا، انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت منصوبوں کو وقت سے پہلے مکمل کیا گیا جبکہ ابھی چند منصوبوں پر کام جاری ہے اور وہ بھی تکمیل کے مراحل میں ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ آج کا دن دونوں ملکوں کیلئے ایک یادگار دن ہے چین نے ترقی کا سفر ہمت اور لگن سے طے کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ توانائی بحران کو ختم کرنے میں سی پیک نے اہم کردار ادا کیا ساتھ ہی ساتھ اس سے پاکستان کی برآمدات میں بھی اضافہ ہوا، سی پیک کے تحت 25 ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری اور لاکھوں افراد کو روزگار کے مواقع ملے۔
سانحہ باجوٰڑ کو یاد کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ باجوڑ میں ہونے والے خودکش دھماکے کے باعث سی پیک کی تقریبات کو سادگی سے منا رہے ہیں، دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کیلئے مل کر کام کرنا ہوگا، سی پیک کے دوسرے مرحلے میں داخل ہو رہے ہیں یہ مرحلہ نہ صرف پاکستان بلکہ خطے کی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کرے گا، دوسرے مرحلے میں سپیشل اکنامک زونز کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے، سی پیک کے دوسرے مرحلے سے ملک میں خوشحالی کا نیا دور آئیگا۔ دوسرے مرحلے میں اقتصادی زونز قائم کئے جائینگے جس سے لاکھوں افراد کو روزگار کے مواقع ملیں گے۔ دوسری جانب چینی نائب وزیراعظم ہی لینفنگ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک پاکستان اور چین کے درمیان دوستی کے نئے دور کا آغاز ہے، پاک چین دوستی ہمالیہ سے بلند اور سمندر سے گہری ہے۔ انہوں ںے مزید کہا کہ سی پیک دونوں ممالک کے درمیان ایک اہم مںصوبہ ہے اور اسی سے خطے میں سماجی ترقی کا آغاز ہوا، سی پیک ہمارے بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کا حصہ ہے۔ اسی سے نئے دور کا آغاز ہوگا، انہوں نے کہا کہ سی پیک نے دونوں ملکوں کے باہمی مفاد کو نئی جلا بخشی، اس منصوبہ کے تحت اربن ریلوے، فائبر آپٹک سمیت مختلف منصوبوں کو عملی جامہ پہنایا گیا، سی پیک کے تحت پاکستان میں سڑکوں کے جال بچھائے گئے، توانائی، زراعت، ریلوے، آئی ٹی سمیت مختلف منصوبے شروع کیے۔
اس منصوبے سے ملک نئے ترقیاتی دور میں داخل ہو رہا ہے جو ہوتے ہوتے کامیابی کے نئےدریچے کھولے گا، آج کا دن دونوں ممالک کیلئے یادگار دن ہے۔

مزید پڑھیں:  پاکستان میں قانون کی بالادستی چاہتے ہیں، ویدانت پٹیل